شاباش بابر اعظم!

April 16, 2021

یہ خبر قوم با لخصوص کرکٹ کے پاکستانی شائقین کے لئے انتہائی فخر و انبساط کا باعث ہے کہ 21سالہ بابر اعظم نے نہ صرف بحیثیت کپتان جنوبی افریقہ میں کھیلی جانے والی ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز جیت کر پاکستان کے نام کرائی بلکہ انفرادی سطح پر عالمی درجہ بندی میں بھارت کے ویرات کوہلی کی حکمرانی کا خاتمہ کرکے نمبر ون ہونے کا تاج اپنے سر پر سجایا۔ اس طرح آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل رینکنگ میں وہ 865پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہیں جبکہ کوہلی 857کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئے۔ بابر اعظم ون ڈے انٹرنیشنل کی تاریخ میں چوتھے پاکستانی ہیں جنھوں نے یہ اعزاز حاصل کیا۔ اس سے پہلے ظہیر عباس نے 1983، جاوید میاں داد 1987اور محمد یوسف نے 2003میں آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ بدھ کے روز جنوبی افریقہ کے شہر سنچورین کی ہوم گراؤنڈ پر اس کے خلاف ٹی 20میچ میں شاندار سنچری بناتے ہوئے بابر اعظم نے ایک سے زیادہ ریکارڈ اپنے اور قوم کے نام کئے جن میں سر فہرست 122رنز کا حصول ہے جو ٹی 20انٹرنیشنل میں کسی بھی پاکستانی بلے باز کی سب سے بڑی اننگ ہے۔ دوسرا یہ کہ یہ جنوبی افریقہ کے خلاف مختصر فارمیٹ میں سب سے بڑی اننگ ثابت ہوئی۔ بابر اعظم نے محمد رضوان کے ساتھ 197رنز کی شراکت قائم کی جو ٹی 20انٹرنیشنل میں پاکستان کی جانب سے کسی بھی وکٹ پر سب سے بڑی پارٹنر شپ ہے۔ اس میچ میں پاکستان نے 205رنز کا ہدف 18اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سیریز کا چوتھا اور آخری میچ آج اسی گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا جس کے لئے لازم ہوگا کہ پاکستان اپنی کارکردگی کا دفاع کرے مزید برآں سنچورین میچ میں پاکستانی باؤلرز کی پرفارمنس جو واجبی رہی اسے بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998