امریکی وزیر خارجہ کی یورپی رہنماؤں سے ملاقاتیں ، یوکرائنی بحران پر تبادلہ خیال

April 17, 2021

برسلز ( نیوز ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے برسلز میں کئی رہنمائوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق بلنکن نے نیٹو کے سیکریٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ اور یوکرائنی ہم منصب دمیترو کولیبے کے علاوہ یورپی یونین کے خارجہ تعلقات اور سلامتی سے متعلق نمائندے جوزف بوریل سے بھی ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں یوکرائن کی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔ یورپی ترجمان نے بتایا کہ بات چیت میں روس ،یوکرائن سرحدی تنازع اور کریمیا میں بڑھتے ہوئے روسی فوجی اجتماعات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اس کے علاوہ افغانستان میں قیام امن کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق بھی کیا گیا۔ بات چیت کے دوران ایتھوپیا میں جاری بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلنکن اور یوریل نے ایران اور مغربی ممالک کے درمیان جوہری مذاکرات کے مکمل نفاذ کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا۔ دوسری جانب روسی بحری بیڑے نے امریکی جہازوں کی علاقے میں موجودگی کے جواب میں بحیرہ اسود میں فوجی مشقیں شروع کردی ہیں۔