2021ء میں دنیا کے ارب پتی افراد

April 19, 2021

گزشتہ ایک سال کے دوران دنیا میں بہت کچھ بدل گیا ہے اور ہاں ہم کووِڈ-19وَبائی مرض کی بات نہیں کررہے۔ بلکہ ہم بات کررہے ہیں گزشتہ ایک سال کے دوران دنیا کے ارب پتی افراد کی تعداد میں ہونے والے نمایاں اضافے کی۔

فوربز کے مطابق، متعدد پبلک آفرنگز، کرپٹو اثاثہ جات اور اسٹاک مارکیٹ پر درج کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کے باعث گزشتہ ایک برس کے دوران ہر 17گھنٹے کے بعد ایک نیا ارب پتی شخص پیدا ہوا، اس طرح ایک سال کے دوران 660نئے افراد کے بلین ڈالر کلب میں شمولیت کے بعد دنیا بھر میں ارب پتی (امریکی ڈالر میں) افراد کی تعداد بڑھ کر ریکارڈ 2,755ہوگئی۔ ان 660افراد میں سے 493وہ تھے، جو پہلی بار اس کلب میں شامل ہوئے ہیں۔ ان میں سے 210افراد کا تعلق چین اور ہانگ کانگ سے ہے۔ مجموعی طور پر ایک سال کے دوران دنیا کے ارب پتی افراد کی دولت میں 5ٹریلین ڈالر کا مزید اضافہ ہوا۔

177ارب ڈالر کے اثاثہ جات کے ساتھ ایمیزون کے بانی جیف بیزوس مسلسل چوتھے برس دنیا کے امیر ترین شخص کا مرتبہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ جیف بیزوس نے پہلے ہی ایمیزون کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کررکھا ہے اور رواں سال کے آخر تک ان کی جگہ اینڈی جیسی ایمیزون کے نئے سی ای او بن جائیں گے۔ تاہم جیف بیزوس ایگزیکٹو چیئرمین کے طور پر ایمیزون کے ساتھ منسلک رہیں گے۔

ایمیزون اور ٹیسلا کے حصص میں زبردست اضافے کے باعث ایلون مَسک دنیا کے دوسرے امیرترین شخص کے طور پر اُبھر کر سامنے آئے۔ ایلون مسک، زمین پر الیکٹرک کار میکر ٹیسلا اور راکٹ بنانے والی کمپنی اسپیس ایکس کے ذریعے خلاء میں انسانی آمدورفت کے طریقہ کار میں انقلاب برپا کرنے پر کام کررہے ہیں۔ مزید برآں وہ اپنی کمپنی اسٹار لِنک کے ذریعے پوری دنیا کو تیز ترین رفتار کے ساتھ مفت انٹرنیٹ فراہم کرنے پر کام کررہے ہیں۔

صرف یہی نہیں، ایلون مَسک نےیہ اعلان بھی کیا ہے کہ لوگ بٹ کوائن کی ادائیگی پر ٹیسلا کی کاریں خرید سکتے ہیں۔ اس سال کے اوائل میں ایلون مَسک نے اعلان کیا تھا کہ انھوں نے بٹ کوائن میں ڈیڑھ ارب ڈالر سرمایہ کاری کی ہے۔ اندازہ ہے کہ اب تک وہ ڈیڑھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر ایک ارب ڈالر منافع حاصل کرچکے ہیں (بٹ کوائن کی قیمت بڑھنے کی صورت میں)۔

ایلون مَسک کے اثاثہ جات کی مالیت میں گزشتہ ایک سال کے دوران ریکارڈ اضافہ ہوا ہےاور وہ گزشتہ سال کے31ویں نمبر سے اُٹھ کر رواں سال دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ گزشتہ سال ایلون مسک کے اثاثہ جات کی مالیت 24.6ارب ڈالر تھی، جو اس سال ریکارڈ اضافے کے ساتھ 151 ڈالر ہوگئی ہے۔

فوربز کی فہرست پر گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی تیسرے نمبر پر فرانس سے تعلق رکھنے والے کاروباری شخص برنارڈ ایرنالٹ اینڈ فیملی ہیں ، جن کے اثاثہ جات کی مالیت گزشتہ ایک سال میں 76ارب ڈالر سے بڑھ کر 150ارب ڈالر ہوگئی ہے۔

مائکروسوفٹ کے بانی بل گیٹس کے اثاثہ جات کی مالیت 124ارب ڈالر ہے۔ حالانکہ ایک سال کے دوران بل گیٹس کے اثاثہ جات کی مالیت 98ارب ڈالر سے بڑھ کر 124ارب ڈالر ہوگئی ہے لیکن ان کے مقابلے میں ایلون مسک اور برنارڈ ایرنالٹ اینڈفیملی کے اثاثہ جات کی مالیت میں زیادہ تیزی سے اضافہ ہوا، جس کے باعث بل گیٹس اس فہرست میں دوسرے سے چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔

بل گیٹس، اپنی بیوی میلنڈا کے ساتھ دنیا کا سب سے بڑا نجی خیراتی ادارہ چلاتے ہیں۔ بل گیٹس کہتے ہیں، ’’ایک نقطہ سے آگے پیسہ کا کوئی استعمال نہیں۔ اس کا استعمال یہ ہے کہ اس کے ذریعے ایک ایسا ادارہ بنایا جائے، جو وسائل کا رُخ غریب ملکوں کی طرف موڑ دے‘‘۔

فیس بک کے بانی 36سالہ مارک زکربرگ کے اثاثہ جات کی مالیت ایک سال میں 54.7ارب ڈالر سے بڑھ کر 97ارب ڈالر ہوگئی اور وہ اس فہرست میں 7ویں سے 5ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

امریکا کی تاریخ کے چند کامیاب ترین سرمایہ کاروں میں شمار ہونے والے وارن بفیٹ کے اثاثہ جات کی مالیت میں بھی گزشتہ ایک سال کے دوران زبردست اضافہ ہوا۔ گزشتہ سال وارن بفیٹ 67.5ارب ڈالر مالیت کے اثاثہ جات کے مالک تھے، جو اس سال بڑھ کر 96ارب ڈالر ہوگئے ہیں۔ تاہم اثاثہ جات کی مالیت میں اضافہ کے باوجود وارن بفیٹ ارب پتی افراد کی فہرست میں چوتھے نمبر سے چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔

فہرست کے مطابق، 2021ء میں ارب پتی افراد کی مجموعی تعداد 2,755 ہوگئی ہے، اس طرح گزشتہ سال کے مقابلے میں ان میں 660ارب پتی افراد کا اضافہ ہوا۔ ایک سال کے دوران 63نئی خواتین پہلی بار ارب پتی افراد کی فہرست میں شامل ہوئیں۔ مجموعی طور پر ارب پتی خواتین کی دولت 1.5ٹریلین ڈالر ہوگئی، جوکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 60فی صد اضافہ ہے۔

چین میں ایک سال کے دوران 205نئے ارب پتی افراد کا اضافہ ہوا، جس کے بعد وہاں مجموعی طور پر 626ارب پتی افراد ہوگئے۔ نئے ارب پتی افراد میں وَیپنگ ڈیوائس میکر سمور انٹرنیشنل کے چیرمین اور سی ای او شِن زیپنگ (دولت کاحجم 15.9ارب ڈالر) اور چین کی امیر ترین ارب پتی خاتون کیٹ وَینگ (دولت کا حجم 5ارب ڈالر) شامل ہیں۔ سن گرو پاور سپلائی کمپنی کے چیئرمین اور صدر چاؤرینکزین بھی 5.3ارب ڈالر کے اثاثہ جات کے ساتھ پہلی بار اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

مجموعی طور پر دنیا کے ارب پتی افراد کے اثاثہ جات کی مالیت2020ء میں 8ٹریلین ڈالر سے بڑھ کر 2021ء میں 13.1ٹریلین ڈالر ہوگئی۔ اس وقت بھی سب سے زیادہ ارب پتی افراد امریکا میں رہتے ہیں، جن کی تعداد 724ہے، جس کے بعد دوسرے نمبر پر چین (بشمول ہانگ کانگ اور مکاؤ) آتا ہے، جہاں 698ارب پتی افراد رہتے ہیں(فوربز کا کہنا ہے کہ، ان ارب پتی افراد کے اثاثہ جات کی مالیت کے اعدادوشمار 5مارچ 2021ء کے مطابق اکٹھےکیے گئے ہیں)۔

دنیا کے 10ارب پتی افراد اس وقت مجموعی طور پر 1.2ٹریلین ڈالر مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں اور وَبائی مرض کے ایک سال کے دوران ان کی مالیت میں ریکارڈ 66 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ مجموعی طور پر 86فی صد ارب پتی افراد گزشتہ سال کے مقابلے میں اپنے اثاثہ جات میں اضافہ کرنے میںکامیاب رہے۔

ارب پتی افراد کی فہرست میں امریکی ریالٹی ٹی وی سیلیبرٹی کم کارڈیشین بھی پہلی بار جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔ کم کارڈیشین کے اثاثہ جات کی مالیت کا اندازہ گزشتہ سال اکتوبر میں 780ملین ڈالر لگایا گیا تھا، تاہم فوربز کا خیال ہے کہ کے کے ڈبلیو بیوٹی اور اِسکمز جیسے دو پرکشش کاروباری برانڈز، ریالٹی ٹیلی ویژن کی آمدنی، کمرشل معاہدوں اور دیگر چھوٹی موٹی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والی آمدنی کی بنیاد پر یہ بات بآسانی کہی جاسکتی ہے کہ کم کارڈیشین بھی اب باقاعدہ بلین ڈالر کلب میں شامل ہوچکی ہیں۔

کم کارڈیشین نے 2017ء میں کے کے ڈبلیو بیوٹی کی بنیاد اس وقت رکھی، جب ان کی سوتیلی بہن کائلی جینر کو کائلی کاسمیٹکس لانچ کرنے پر زبردست کامیابی ملی اور وہ دنیا کی اولین کم عمر ترین شخصیت بن کر سامنے آئیں۔ کم کارڈیشین نے کے کے ڈبلیو بیوٹی کی لانچ کے پہلے دو گھنٹوں میں تین لاکھ کونٹور کٹس بیچ کر ایک ریکارڈ قائم کیا ، جب کہ 2018ء تک اس نے کاروبار کو آئی شیڈو، کنسیلر، لپ اسٹک اور فریگرنس تک بڑھا کر آمدنی کو100ملین ڈالر تک پہنچا دیا۔