ترجمان جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف خیبر پختون خوا مولانا عبدالجلیل جان نے علی امین گنڈاپور کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور خود فارم 47 کے وزیرِ اعلیٰ ہیں، وہ خود چند ماہ کے مہمان ہیں جس کا اعلان انہوں نے خود لاہور میں کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں ترجمان جے یو آئی ف خیبرپختونخوا عبدالجلیل جان نے کہا کہ علی امین گنڈاپورکا باجوڑ جانے کی بجائے لاہور میں سیر سپاٹا انتہائی شرم ناک ہے، سرکاری خزانے سے لاہور کا ٹوور کرنے والوں سے حساب لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے حقیقت پر مبنی بیان نے وزیرِ اعلیٰ کی ڈرامے بازی پر پانی پھیر دیا ہے، بڑھکوں اور ڈرامے بازیوں کی بجائے وزیرِ اعلیٰ صوبے میں امن و امان کی فکر کریں۔
ترجمان جے یو آئی ف نے کہا کہ اس وقت علی امین پی ٹی آئی کو ختم کرنے کی ذمے داری احسن طریقہ سے انجام دے رہے ہیں۔