حیدرآباد، بلدیاتی اداروں کی نااہلی، دن کے وقت اسٹریٹ لائٹس روشن رات کو بند

April 20, 2021

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) بلدیاتی اداروں کی نا اہلی‘دن کے وقت اسٹریٹ لائٹ روشن رات کو بند‘ افسران کی سرکاری رہائشگاہوں کے راستوںپر اسٹریٹس لائیٹس روشن جبکہ متعدد علاقوں میں اسٹریٹ لائٹس کی عدم موجودگی کی وجہ سے رات کی تاریکی میں شہریوں کا کھلے گٹرز میں گرنا‘آوارہ کتوں کا شکار ہونا معمول بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق بلدیاتی اداروں کا فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے صفائی ستھرائی کرنے نہ کرنے کے جواز کے ساتھ فنڈز کا بیجا استعمال معمول بن گیا ہے شہر میں دن کے وقت اسٹریٹ لائیٹس روشن اور رات میں اندھیرا چھایا ہوتا ہے۔ لطیف آباد نمبر 6‘ 2‘ آٹو بھان روڈ اور دیگر متعدد علاقوں میں گذشتہ 3 روز سے دن کے اوقات میں اسٹریٹ لائیٹس روشن ہیں‘ اس ضمن میں شہریوں کی جانب سے بلدیہ آفس سے رجوع کیا گیا لیکن لائیٹس کو بند کرنے کے لیے کسی قسم کے اقدامات نہیں اٹھائے گئے دوسری جانب فراز ولاز‘حسین آباد ‘ علمدار چوک‘ پھلیلی‘ کلاتھ مارکیٹ‘ تلک چاڑی‘ چھوٹکی گھٹی‘ لجپت روڈ‘ قاضی قیوم روڈ‘ اسٹیشن روڈ‘ لطیف آباد نمبر 8‘ 11‘ 12 اور دیگر علاقوں میں اسٹریٹ لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے سڑکوں ‘ گلی ومحلوںکے مین ہول میں گر کر شہری حادثات کا شکار ہورہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق متعدد علاقوں میں اسٹریٹ لائیٹس خراب ہوچکی ہیں جس کی درستگی کے لیے متعلقہ حکام اقدامات اٹھانے کے لئے تیار نہیں۔