آئرلینڈ میں معاشی جرائم اور بدعنوانی کےخاتمہ کیلئے ایڈوائزری کونسل کے قیام کا اعلان

April 21, 2021

ڈبلن ( معراج عابد) آئرش جسٹس منسٹر ہیلن میکینٹی نے ملک سے بدعنوانی اور معاشی جرائم کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے ایک ایڈاوائزری کونسل کے قیام کا اعلان کیا ہے، یہ کونسل لاانفورسمنٹ اداروں آئرش پولیس اور ریوینو کمیشن کی رپورٹ پر تمام وائٹ کالرز جرائم سےنمٹنے کے طریقہ کار کے بارے میں کابینہ کو سفارشات پیش کرے گی، اسطرح آئندہ 18 ماہ کے دوران ان جرائم سے نمٹنے کیلئے ایسی اصطلاحات متعارف کروائی جائیں گی جو ملک سے ان جرائم کا خاتمہ کرسکیں۔تفصیلات کے مطابق جسٹس منسٹر ہیلین میکینٹی نے سابق ڈائریکٹر پبلک پراسیکیوشن جیمس ہیملٹن کی پچھلے سال دسمبر میں ملک میں بڑھتے ہوئے معاشی جرائم اور بدعنوانی کے حوالے سے شائع ہونے والی رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے ان جرائم کے خاتمہ کیلئے ایک باقاعدہ منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق آئرش گارڈز اور ریونیو کمیشن کو معاشی جرائم اور بدعنوانی کی تحقیقات کیلئے وسیع اختیارات دیئے جائیں گے اور 18 ماہ کے دوران محکمہ انصاف کے ذریعہ قانون سازی کی جائے گی، گارڈا آفیسرز جلد ہی قومی اقتصادی جرائم بیورو کو طویل المیعاد ریسورس پلان پیش کریں گے، موسم خزاں کے آغاز تک اقتصادی جرائم اور بدعنوانی کیخلاف ایک نئی ایڈوائزی کونسل تشکیل دی جائے گی جو وائٹ کالرز جرائم کے بارے میں پالیسیوں پر ردعمل کے بارے مشورہ دےگی، اس کونسل سے توقع کی جاری ہے کہ وائٹ کالرز جرائم سے نمٹنے کے طریقہ کار کو آگے بڑھانے کیلئے کابینہ کو سفارشات دے گی ۔ جسٹس منسٹر میکینٹی نے کہا کہ یہ منصوبہ اس لیے بنایا جارہاہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ وائٹ کالرز جرائم میں ملوث مجرموں کے گرد گھیرا تنگ کیا جاسکے، اس قسم کے جرائم ناصرف ہمارے معاشی نظام پر اعتماد کو کم کرتے ہیں بلکہ ہماری معیشت کو بھی شدید نقصان پہنچاتے ہیں اس منصوبہ کے ذریعے ہمارے اداروں کو وسائل ملیں گے کہ وہ ان جرائم پیشہ افراد کوپکڑیں اور سزائیں دیں، جس سے بین الاقوامی سطح پر ہماری حکومت کی جانب سے اس قسم کے جرائم کے خاتمہ کے عزم کا اظہار ہوگا، اس منصوبہ پر ناصرف وزارت انصاف بلکہ دوسرے ادارے بھی حصہ لیں گے اور پوری حکومت اس منصوبہ کی کامیابی کو یقینی بنائے گی ۔