ناموس رسالتﷺ پر پوری قوم متحد ہے، ٹی ایل پی کا مقصد ٹھیک طریقہ درست نہیں، عمران خان

April 21, 2021

ناموس رسالتﷺ پر پوری قوم متحد ہے، ٹی ایل پی کا مقصد ٹھیک طریقہ درست نہیں، عمران خان

اسلام آباد(ایجنسیاں…ٹی وی رپورٹ) حکومت اورکالعدم تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کامیاب ‘ٹی ایل پی نے لاہور میں مرکزی دھرنے سمیت ہر جگہ پر احتجاج ختم کر دیاجبکہ وزیراعظم کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس میں پی ٹی آئی ارکان اور اتحادیوں کو بھی کالعدم تحریک لبیک کے ساتھ معاہدے پر اعتماد میں لیا گیا ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد طے پایا ہے کہ قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کریں گے اور ٹی ایل پی سارے ملک بشمول مسجد رحمت اللعالمینﷺ سے دھرنا ختم کرے گی اور بات چیت اور مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا‘اپنے ویڈیو بیان میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ جن لوگوں کے خلاف مقدمات درج ہیں بشمول فورتھ شیڈول کے، ان کا بھی اخراج کیا جائے گا۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو کالعدم تحریک لبیک کے ساتھ کامیاب مذاکرات پر مبارکباد پیش کی ہے۔ عمران خان سے وزیر داخلہ شیخ رشید نے ملاقات کی اور انہیں کالعدم تحریک لبیک کے ساتھ ہونے والے مذاکرات پر بریف کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے مذاکرات کی کامیابی پر شیخ رشید کو مبارکباد دی اور کہا کہ آپ نے بہترین کام کیا، معاملات خوش اسلوبی سے حل ہو گئے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ لوگوں کی باتوں پر نہ جائیں ،اپنا کام جاری رکھیں ۔ ادھر وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ارکان کو بریفنگ دی گئی ہے کہ تحریک لبیک (ٹی ایل پی) کالعدم اور پابندی برقرار رہے گی۔ اجلاس میں شیخ رشید اوروزیرمذہبی امور نور الحق قادری نے ارکان کو تحریک لبیک سے مذاکرات پربریفنگ دی۔اس موقع پر پی ٹی آئی ارکان اور اتحادیوں کو معاہدے پر اعتماد میں لیاگیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ تحریک لبیک پرپابندی ختم کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، ٹی ایل پی کالعدم اور پابندی برقرار رہے گی۔ ٹی ایل پی کارکنان پر قتل کے مقدمات واپس نہیں لیے جارہے ۔اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھاکہ ناموس رسالت پر پوری قوم متحد اور یک زبان ہے، ٹی ایل پی کا مقصد ٹھیک ہے لیکن طریقہ کار درست نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر مضبوط کیس پیش کرنے کیلئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔قبل ازیں حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد کالعدم ٹی ایل پی نے لاہور میں مسجد رحمت اللعالمین کے باہر دھرنا ختم کر نے کا اعلان کر دیا۔ دھرنے کے مقام پر دونوں اطراف کی سڑکیں کھول دی گئیں، کالعدم تحریک لبیک کے کارکنان منتشر ہونا شروع ہوگئے اور سڑک کے دونوں اطراف ٹریفک رواں دواں ہے۔سربراہ مذاکراتی کمیٹی تحریک لبیک علامہ شفیق امینی نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا، تحریک لبیک شوریٰ کے دیگر ممبران بھی موقع پر موجود تھے۔شفیق امینی نے کہا کہ حکومت نے قرار داد قومی اسمبلی میں پیش کرکے اپنا وعدہ پورا کیا ، قومی اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد پر بحث بھی کی گئی، حکومت نے وعدہ پورا کر دیا‘اب احتجاج اور دھرنے کی ضرورت نہیں ‘ہمارے اہم مطالبے پر عمل ہو چکا ہے۔