منموہن،راہول بھی کورونا کا شکار، ہانگ کانگ، سنگاپور نے بھارت پر سفری پابندی لگادی

April 21, 2021

نئی دہلی، واشنگٹن، ہانگ کانگ(اے ایف پی، جنگ نیوز)کورونانے بھارت میں تباہی مچادی،گزشتہ روزڈھائی لاکھ نئےکیسز،1,761 اموات، اسپتال اور مردہ خانے بھر گئے، مسجد کووڈ سینٹر میں تبدیل، مہاراشترا ،اتر پردیش ، تلنگانہ میں پابندیاں،منموہن ، راہول بھی کورونا کاشکار،اہلیہ میں کورونا کی تشخیص کے بعد آروند کیجریوال بھی قرنطینہ ہوگئے،دوسری جانب ہانگ کانگ، سنگاپور نے بھارت پر سفری پابندی لگادی،امریکا نے بھی شہریوں کوسفر سے خبردار کردیا۔میڈیا رپورٹس کےمطابق بھارت میں کورونا کی صورتحال انتہائی خطرناک ہوتی جارہی ہے،گزشتہ روزپڑوسی ملک میں ڈھائی لاکھ نئےکیسز،1,761 اموات ریکارڈ کی گئیں جبکہ رواں ماہ کورونا کے 30 لاکھ سے زائد نئےکیسز اور 18ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہوچکی ہیں،میڈیا رپورٹس کےمطابق اسپتال اور مردہ خانے بھر گئے، ریاست گجرات کی ایک مسجد کو کووڈ کیئر سینٹر میں تبدیل کردیا گیا،جہانگیر پورہ مسجد کے ٹرسٹی کا کہنا ہے کہ مسجد میں 50 بیڈز رکھے گئے ہیں جبکہ مزید 50 بیڈز کا اضافہ کیا جاسکتا ہے،بھارت میں کورونا کیسز میں اضافہ ہونے پر ہیلتھ کیئر سسٹم پر دباؤ بڑھ گیا ہے، اس لیے ملک بھر میں مذہبی مقامات سمیت خالی جگہوں کو کووڈ سینٹر میں تبدیل کیا جارہا ہے۔ادھر اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کورونا میں مبتلا ہوگئے،بھارت میں کورونا کی دوسری لہر کی ہلاکت خیزی جاری ہے اور روز بروز کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے،بھارت کی متعدد نامور شخصیات کورونا کاشکار بن گئی ہیں جبکہ اب اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے،نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ آروند کیجریوال کی اہلیہ بھی کورونا کا شکار ہوگئی ہیں جس کے بعد کیجریوال نے خود کو قرنطینہ کرلیاہے،بھارت کے سابق وزیر اعظم 88سالہ منموہن سنگھ کو بھی کورونا کی تشخیص کے بعد اسپتال منتقل کردیاگیاہے تاہم ان کی صحت ابھی بہتر ہے۔دوسری جانب ریاست مہاراشترا کے دارالحکومت ممبئی میں بھی پہلے سے عائد کورونا پابندیاں مزید سخت کردی گئی ہیں،اتر پردیش اور تلنگانہ ریاستوں میںبھی جزوی لاک ڈائون اور کرفیو لگادیے گئے۔ماہرین نے کہاہےکہ مذہبی تہوار اور الیکشن کی پرہجوم ریلیوں کے باعث کورونا تیزی سے پھیلا، صرف عوام کی مکمل ویکسی نیشن کے ذریعے ہی اس صورتحال پر قابو پایاجاسکتا ہے۔ادھر بھارت کے وزیرا عظم نریندر مودی نے عوام سے کورونا کیخلاف لڑنے کی اپنی کوششیں تیز کرنے کا مطالبہ کیاہے تاکہ کسی نئے لاک ڈائون سے بچا جاسکے۔مزید برآںنئی دہلی سے4 اپریل کو ہانگ کانگ پہنچنے والی بھارت کی نجی ایئرلائن کی پرواز کےکم از کم 53مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت نکلنے پر ہانگ کانگ نے بھارت سے تمام کمرشل پروازوں کی آمد پر دو ہفتوں کی پابندی عائد کردی ہے،ہانگ کانگ نے پابندی کی اس فہرست میں فلپائن کو بھی شامل کردیا ہے۔ حکام کے مطابق وستارا ایئر کی ہانگ کانگ پہنچنے والی پرواز میں 188مسافر سوار تھے، تمام مسافروں کے ایئرپورٹ پر ٹیسٹ لئے گئے جن میں 53 مسافروں کے ٹیسٹ مثبت نکلے۔ دوسری جانب سنگاپور نے بھی منگل کو بھارت سےمسافروں کے آنے پر پابندی لگادی ہے۔ادھر امریکا نے اپنے شہریوں کوبھارت کے سفر سے متنبہ کردیا۔