• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں کورونا کے مہلک وار، 104جاں بحق، ملک میں137 اموات، مثبت کیسز کی شرح 8 فیصد رہی

کراچی، لاہور، اسلام آباد (ایجنسیاں، نمائندہ جنگ، اسٹاف رپورٹر) پنجاب کیلئےکوروناکامہلک ترین دن 24گھنٹوں کے دوران صوبے میں 104؍ مریض جاں بحق ہوگئے، اس دوران ملک بھر میں 137؍ اموات ہوئیں، خیبرپختونخوا میں 21؍ سندھ میں 3؍ افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 730 نئے کیس رپورٹ ہوئے جن میں سے 403 کا تعلق کراچی سے ہے،ملک میں اب تک مجموعی طور پر 461181؍ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر سے جاری اعداد و شمار کے مطابق چوبیس گھنٹوں میں جاں بحق ہونے والے 137 مریضوں میں سے 122 ہسپتالوں اور 15 اپنے گھروں میں قرنطینہ کے دوران انتقال کر گئے۔ ان میں سے 53 افراد وینٹی لیٹرز پر تھے۔ سب سے زیادہ اموات پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ہوئیں۔ ملک میں 85 فیصد وینٹی لیٹرز، مردان میں 95 ، گوجرانوالہ میں 88 اور لاہور میں 82 فیصد وینٹی لیٹرز زیر استعمال ہیں۔ اسکے علاوہ آکسیجن بیڈز گوجرانوالہ میں 85 فیصد، پشاور میں 72 فیصد، نوشہرہ میں 68 فیصد اور سوات میں 65 فیصد زیر استعمال ہیں۔ ملک بھر میں 549 کے لگ بھگ مریض وینٹی لیٹرزپر ہیں۔ گلگت بلتستان اور بلوچستان میں کوئی مریض وینٹی لیٹرپر نہیں ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 68002 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے سندھ میں 14 ہزار 109، پنجاب میں 41 ہزار 74، خیبر پختونخوا میں 7 ہزار 27 ، اسلام آباد میں 4 ہزار 233، بلوچستان میں 710، گلگت بلتستان میں 247 اور آزاد جموں و کشمیر میں 602 ٹیسٹ شامل ہیں۔ پاکستان میں کورونا سے 6 لاکھ 67 ہزار 131 مریض صحت یاب ہوئے ہیں جو کہ ایک نمایاں تعداد ہے۔ اس وباء سے لیکر اب تک 7 لاکھ 66 ہزار 882 کیسز سامنے آئے، انکا علاج کیا گیا۔ ان میں سے آزاد جموں و کشمیر میں 15 ہزار 741، بلوچستان 21 ہزار، گلگت بلتستان 5 ہزار 191، اسلام آباد 70 ہزار 609، خیبر پختونخوا ایک لاکھ 7 ہزار 309، پنجاب 2 لاکھ 73 ہزار 566 اور سندھ 2 لاکھ 73 ہزار 466 مریض شامل ہیں۔ یہ وباء پھیلنے سے اب تک ملک میں 16 ہزار 453 اموات ہوئی ہیں، ان میں سے 4 ہزار 556 سندھ میں ہوئی ہیں، ان میں سے گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں 3 افراد ہسپتال میں جاں بحق ہوئے۔ پنجاب میں اب تک 7 ہزار 561 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 104 اموات ہوئی ہیں۔ ان میں سے 89 سپتالوں میں اور 15 ہسپتال سے باہر جاں بحق ہوئے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 920 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ان میں سے پیر کو 21 ہسپتالوں میں جاں بحق ہوئے۔

تازہ ترین