بھارتی اداکارہ شعیب اختر کی شکرگزار کیوں؟

April 26, 2021

بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا بھارت کے مشکل وقت میں ان کا ساتھ دینے کے پیغام پر شکریہ ادا کردیا۔

انہوں نے کہا کہ کہ ’آپ کی انسانیت کے ساتھ ہمدردی اور نرم الفاظ پر ہم شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘

بھارتی اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ ’ہم دل کی گہرائیوں سے آپ کی سوچ کی قدر کرتے ہیں۔‘

یاد رہے کہ شعیب اختر نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’بھارت واقعی کورونا وائرس سے جدوجہد کر رہا ہے اور اُسے اس وقت عالمی تعاون کی ضرورت ہے، بھارت میں صحت کی دیکھ بھال کا نظام تباہ ہورہا ہے۔‘


سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھارت میں کورونا وائرس کی بدترین صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس مشکل گھڑی میں ہم سب کو بھارت سمیت ایک دوسرے کا سہارا بننے کی ضرورت ہے۔

شعیب اختر کا اپنی ویڈیو میں کہنا تھا کہ ’بھارت کے مخلتف شہروں میں روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں کی تعداد میں کیسز سامنے آرہے ہیں جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔‘

شعیب اختر نے کہا تھا کہ ’اس مشکل وقت میں بھارت کو ہماری ضرورت ہے، ہمیں تمام لڑائی جھگڑوں کو ایک طرف رکھ کر اپنے پڑوسی ملک کی مدد کرنی چاہیے۔‘

اُنہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں حکومتِ پاکستان اور ہماری عوام سے درخواست کرتا ہوں کہ براہِ کرم! بھارت کی مدد کریں، وہاں آکسیجن کی شدید قلت ہے، جتنا ہوسکے تعاون کریں۔‘