پریانکا چوپڑا کی بھارت میں کورونا بحران پر قابو پانے کیلئے عطیات کی اپیل

April 29, 2021

بین الاقوامی شہرت یافتہ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بھارت کو درپیش کورونا بحران پر قابو پانے کیلئے عطیات دینے کی اپیل کردی ہے۔

اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ایک ویڈیو شئیر کی جس میں اداکارہ کو بھارت میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر قابو پانے کیلئے لوگوں کو عطیات دینے کی درخواست کرتے ہونے دیکھا جاسکتا ہے۔


پریانکا چوپڑا نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرا گھر بھارت دنیا کے بدترین کورونا بحران کا شکار ہے ، اور ہم سب کو مدد کی ضرورت ہے!‘

اداکارہ نے بھارت میں کورونا کیسز کی موجودہ صورتحال بتاتے ہوئے لکھا کہ ’لوگ ریکارڈ تعداد میں مر رہے ہیں ہر طرف بیماری ہے ، اور یہ بیماری مسلسل پھیل رہی ہے اور پڑے پیمانے پر لوگوں کو ختم کررہی ہے۔‘

پریانکا نے مزید لکھا کہ ’میں نےبھارت کی زمین پرکورونا ریلیف فنڈ فراہم کرنے والی کی سب سے بڑی تنظیم گیو انڈیا کے ساتھ مل کر عطیات جمع کرنے کا انتظام کیا ہے۔‘

اداکارہ نےلوگوں سے گزارش کرتے ہوئے لکھا کہ ’جو بھی آپ دے سکتے ہیں دیں اس سے یقینی طور پر فرق پڑے گا۔ یہاں پر تقریبا 63ملین لوگ مجھے فالوکرتے ہیں ، اگر آپ میں سے 10 لاکھ لوگ 10 ڈالربھی عطیہ کریں تو یہ 1 ملین ڈالرکی رقم ہوجائے گی جوکہ کافی بڑی رقم ہے۔ ‘

انہوں نے کہا کہ آپ کے عطیات براہ راست حفظانِ صحت کے انفراسٹرکچر (بشمول کوویڈ کیئر سنٹرز ، قرنطینہ مراکز ، اور آکسیجن جنریشن پلانٹس) ، طبی سامان ، اور ویکسین کی فراہمی کیلئےاستعمال کیےجائیں گے۔‘

پریانکا چوپڑا نے مزید لکھا کہ ’براہ کرم عطیہ کریں نِک اور میں پہلے سےہی اپنا حصہ ڈال چکے ہیں اور اپنا تعاون مزید جاری رکھیں گے۔ ہم سب نے دیکھا ہے کہ یہ وائرس کتنی دور تک کتنی تیزی سے پھیل سکتا ہے ، ہمارے درمیان ایک سمندر کے موجود ہونے سے بھی کوئی فرق نہیں پڑتا ہے جب تک ہر شخص محفوظ نہیں ہے کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔‘

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا سے صورتحال مزید ابتر ہوچکی ہے اور مسلسل کئی روز سے روزانہ کی بنیاد پر 3 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔

کورونا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد بھارت میں آکسیجن اور دیگر علاج کے سامان کی بھی شدید کمی ہوگئی ہے۔