ٹوئٹر نے کنگنا رناوت کا اکاؤنٹ معطل کردیا

May 04, 2021

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر نے بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر معطل کردیا۔

کنگنا اپنے متنازع ٹوئٹس کی وجہ سے خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں۔

حال ہی میں کنگنا نے اپنے سلسلہ وار ٹوئٹس میں انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد مغربی بنگال میں ہونے والے مبینہ تشدد پر تبصرہ کیا تھا۔

اس سے قبل وہ بھارت میں مصنوعی آکسیجن کی زائد پیداوار کرنے پر ناراض ہوگئی تھیں۔

بھارت میں مصنوعی آکسیجن کے پلانٹس نصب کرنے کے معاملے پر اداکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام دیا جس میں خاصی برہم دکھائی دیں۔

کنگنا نے اپنی ٹوئٹ میں کہاکہ ہر کوئی زیادہ سے زیادہ آکسیجن پلانٹس بنا رہا ہے، آکسیجن سلینڈرز ٹنوں کے حساب سے مل رہے ہیں۔

اداکارہ نے سوالیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ ہم کس طرح اس ساری آکسیجن کا بدلہ دے سکیں گے جو زبردستی ماحول سے لی جا رہی ہے؟

اداکارہ کا مایوس کن لہجے میں کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے ہم نے اپنی غلطیوں اور ان سے ہونے والی تباہی سے کچھ نہیں سیکھا۔

واضح رہے بھارت کی موجودہ کورونا وائرس کی سنگین صورتحال کے تحت مودی سرکار نے فیصلہ کیا ہے کہ 3 ماہ کے اندر ملک میں 500 میڈیکل آکسیجن پلانٹس لگائے جائیں گے، ایک آکسیجن پلانٹ میں ایک منٹ کے اندر ایک ہزار لیٹر گیس فراہم کرنے کی صلاحیت ہوگی۔