اپیل کے باوجود مدد نہ ملی، اداکارہ کے بھائی کا کورونا سے انتقال

May 04, 2021

بھارتی اداکارہ پیا باجپائی نے کورونا وائرس کے شکار اپنے بھائی کے لیے مدد کی اپیل کی جو نہ مل سکی، لیکن بھائی زندگی کی بازی ہار گیا۔

اپنے بھائی کی موت کی یہ خبر پیا باجپائی نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے دی۔

خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس نے پنجے گاڑ لیے ہیں، جہاں بڑھتے کیسز کی وجہ سے میڈیکل سہولیات کا فقدان دکھائی دے رہا ہے۔

کچھ دن قبل اداکارہ و ماڈل پیا باجپائی نے سوشل میڈیا کے ذریعے ہی مدد کی اپیل کی تھی اور کہا تھا کہ انھیں اپنے بھائی کے لیے ہنگامی طور پر ایک بیڈ اور وینٹی لیٹر کی ضرورت ہے۔

ان کی اپیل کو کچھ گھنٹے ہی گزرے تھے کہ انھوں نے دوبارہ سوشل میڈیا کے ذریعے بتایا کہ ان کے بیمار بھائی اب اس دنیا میں نہیں رہے۔

خیال رہے کہ بھارت اس وقت کورونا وائرس کی دوسری لہر کا مقابلہ کر رہا ہے جہاں ہرگزرتے دن کے ساتھ ریکارڈ اموات اور کیسز سامنے آرہے ہیں۔