سحر اور افطار میں پروٹین والی غذائیں استعمال کی جائیں

May 05, 2021

ہیلی فیکس (زاہد انور مرزا) لندن کے ماہرین طب نے اپنی ایک خصوصی رپورٹ میں کہا ہے کہ امسال روزے کا دورانیہ16گھنٹے سے زائد ہے، طویل روزے کے دوران توانائی کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ سحر اور افطار میں پروٹین والی غذائیں استعمال کی جائیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں کو سحر اور افطار میں پروٹین والی اشیا کے ساتھ شربت کو دودھ میں ملاکر استعمال کروایا جائے، بچوں کو تلی ہوئی اشیا کم استعمال کرائیں، ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ سحری میں بچوں کو انڈے کا استعمال کرایا جاسکتا ہے، جب کہ دہی اور لسی کا استعمال دن بھر توانائی بحال رکھنے میں مددگارثابت ہوتا ہے، افطار میں جوس اور ملک شیک بھی بچوں کو ضرورت کے مطابق دے سکتے ہیں۔ ماہرین غذائیت کا کہنا تھا کہ افطار میں تیز مصالحے جات معدے میں تیزابیت پیدا کرتے ہیں، لہٰذا معدے کو تیزابیت سے محفوظ رکھنے کے لیے چاٹ میں مصالحہ جات سے اجتناب کیا جائے ۔ افطار میں کھجور کھانے سے فوری توانائی حاصل ہوتی ہے، بچوں کو سحر اور افطار کے وقت تندوری روٹی ہرگز استعمال نہ کرنے دیں۔