عمران خان آلو پیاز کی قیمتیں تو سنبھال نہیں پارہے، ملک کیا چلائیں گے، بلاول بھٹو

May 05, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گندم اور گنا پیدا کرنے والا ملک چینی اور آٹا درآمد کرے گا تو ملک کیسےچلے گا؟ عمران خان آلو، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتیں تو سنبھال نہیں پارہے ملک کیا چلائیں گے، عمران خان کی حکومت کا ہر گزرتا دن مہنگائی کا طوفان لارہا ہے،مہنگائی کی ماہانہ شرح 11.1جبکہ سالانہ شرح14.1فیصد تک پہنچ چکی، عوام عمران خان کو مہنگائی کی دہائیاں دے رہے ہیں مگر خان صاحب اپنی تعریف کے علاوہ کچھ سننے کو تیار نہیں، وزیراعظم ہوش کے ناخن لیں۔میڈیاسیل بلاول ہائوس سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے مہنگائی کی ریکارڈ شرح پر حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ المیہ ہے کہ ملک میں مہنگائی میں کمی کا کوئی امکان نہیں ، اس وقت ملک میں مہنگائی کی سالانہ شرح 14.1 فیصد تک پہنچ گئی ہے، ڈبلیو پی آئی کے مطابق مہنگائی کی شرح 16.6 فیصد ہے۔انہوں نے کہاکہ ایس پی آئی کے مطابق تو مہنگائی کی شرح 21.3 فیصد تک پہنچ چکی ہے، رمضان میں مختصر دسترخوان عمران خان کی نا اہلی کی داستانیں سنا رہے ہیں۔