دلیپ کمار اور راج کپور کے گھروں کے مالکان کوحتمی نوٹسز جاری

May 05, 2021

لیجنڈ اداکار دلیپ کمار اور راج کپور کے گھروں کے مالکان کوحتمی نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں۔

ڈائریکٹر میوزیم اینڈ آرکیالوجی عبدالصمد نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ دلیپ کمار اور راج کپور کے مکانات کا قبضہ عید کے بعد لے لیاجائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ قبضہ لینےکے بعد بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا، مالک مکان کو ڈپٹی کمشنر کی جانب سے حتمی نوٹسز بھجوادیے گئے ہیں۔

ڈائریکٹرمیوزیم اینڈ آرکیالوجی نے بتایا کہ دونوں گھروں کے مالکان کو 18 مئی کو طلب کیا گیا ہے، مالک مکان اپنے اعتراضات جمع کراسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گھروں کی قیمتیں بڑھانے کے لیے حکومت یا عدالت حکم دے سکتی ہے۔

دلیپ کمار کا آبائی گھر پشاور کے کس علاقے میں ہے؟

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کا گھر پاکستان کے صوبہ خیبر پختون خوا کے شہر پشاور کے تاریخی قصہ خوانی بازار کے محلہ خداداد میں واقع ہے، ایک وقت تھا کہ یہ علاقہ رہائشی ہوتا تھا لیکن اب یہ ایک کاروباری مرکز بن گیا ہے۔

اداکار دلیپ کمار 11 دسمبر 1922ء کو اسی گھر میں پیدا ہوئےتھے لیکن 1930ء میں وہ اپنا آبائی گھر چھوڑ کر بھارت کے شہر ممبئی چلے گئے تھے جہاں اُنہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔

ممبئی منتقل ہونے کے بعد دلیپ کمار نے 1988ء میں اپنے اس آبائی گھر کا دورہ کیا تھا جبکہ سال 1997ء میں دلیپ کمار کو پاکستان کے سب سے بڑے شہری اعزاز نشانِ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

دوسری جانب 2013ء میں بھارتی اداکار کے اس گھر کو وفاقی حکومت نے قومی ورثہ قرار دیا تھا۔

کپور حویلی پشاور میں کہاں واقع ہے؟

کپور حویلی پشاور کے علاقے دلگران میں واقع ہے، بھارتی فلم انڈسٹری کو متعدد نامور سُپر اسٹارز دینے والے کپور خاندان کی ایک نسل اسی حویلی میں پیدا ہوئی تھی۔

کپور حویلی کی تعمیر کی بات کریں تو اس قدیم حویلی کو راج کپور کے والد دیوان کپور نے تعمیر کروایا تھا لیکن تقسیمِ برصغیر کے بعد یہ خاندان بھارت منتقل ہوگیا تھا۔