سحری اور افطاری کا اہتمام

May 07, 2021

آمنہ احمد

پوری پراٹھا

اجزا :گھی چوتھائی کپ ،انڈے کی سفیدی ایک عدد، میدہ چار کپ ،نمک آدھا چائے کا چمچہ ا ن سب کو ملا کر پیسٹ بنا لیں ۔

ترکیب:پراٹھے کی ڈو بنانے کے لیے ایک پیالے میں چار کپ میدہ اور آدھا چائے کا چمچ نمک چھان لیں۔ پھر اسے حسب ِضرورت پانی کے ساتھ درمیانہ نرم گوندھ لیں۔اس پر ایک کھانے کا چمچہ گھی لگائیں اور گیلے کپڑے سے ڈھک کر 20 منٹ کے لیے رکھ دیں۔اس کے بعد پیڑے بنالیں۔ ہر پیڑے کو بیل کر تیار پیسٹ لگائیں اور دوبارہ سے بیڑا بنالیں۔ اب ہر پیڑے پر تھوڑا سا گھی لگائیں اور ڈھک کر 30 منٹ کے لیے رکھ دیں۔کڑاہی میں گھی گرم کریں۔ہر پیڑے کا باریک پراٹھا بنا کر درمیان میں سوراخ کردیں کہ اس میں ہوا نہ بھرے۔آخر میں اسے ڈیپ فرائی کرلیں۔ یہاں تک کہ وہ گولڈن براؤن اور کرسپی ہوجائیں۔

پیزا پراٹھا

اجزا:پیزے کا آٹا ایک پیزے کے برابر کا،ٹماٹرکا ساس ایک کھانے کا چمچہ، موزریلا چیز آدھا کپ، مکئی دو کھانے کے چمچے ،مشروم ایک چوتھائی کپ سلائس کیے ہوئے، پالک دو کھانے کے چمچے کٹی ہوئی،تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب:پیزا کے آٹے کے دو پیڑے بنائیں اور دو روٹیاں بیل لیں۔ ایک پیڑے پر تمام اجز پھیلا دیں اور دوسری روٹی سے اس کو ڈھک دیں۔ پھر کنارے دبا کر اچھی طرح بند کردیں۔ اب تھوڑا تھوڑا تیل ڈال کر دونوں طرف سے سنہری کرلیں۔تیار ہوجائے تو چوکور ٹکڑے کاٹ کر سحری میں مزیدار پیزا پراٹھا سرو کریں۔

چٹ پٹا قیمہ

اجزا:قیمہ آدھا کلو،تیل آدھا کپ، سفید زیرہ دو چائے کے چمچے، خشخاش دو چائے کے چمچے،سوکھا دھنیا دو چائے کے چمچے،تل دو چائے کے چمچے،ہری مرچیں چار عدد،ثابت لال مرچیں دس عدد،ادرک ،لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچہ،چکن کیوبز دو عدد، ہرا دھنیا آدھی گٹھی، املی آدھا پاؤ (پانی میں بھگو کر گودا نکال لیں)۔

ترکیب:تیل گرم کرکے سفید زیرہ اور ثابت لال مرچیں ڈال کر کڑ کڑائیں،پھر قیمہ ڈال کر بھونیں اور ادرک لہسن ڈال کر ڈھانپ دیں، تاکہ خوشبواندر ہی رہے۔ہرا دھنیا دھو کر ڈنڈیوں سمیت باریک کاٹ لیں۔پو دینا بھی دھو کر باریک کاٹ لیں۔ سارے خشک مسالے باریک پیس کر قیمہ میں ملا لیں اور املی کا پانی ڈالنے کے بعد خوب بھون لیں،جب پانی خشک ہو جائے تو دونوں چکن کیوبز کو تھوڑے سے گرم پانی میں گھول کر قیمے میں ملا دیں اور ہرا مسالہ بھی ڈال دیں۔گرما گرم پیش کریں۔

آلو چاٹ

اجز ا: چار آلو اُبال کر چھیل لیں اور کیوبز کی شکل میں کاٹ لیں ۔تیل تین کھانے کے چمچے،پسی ہوئی لال مرچ دو کھانے کے چمچے ،پودینے کے پتے باریک کٹے ہوئے ،ادرک کدوش کی ہوئی ،چاٹ مسالہ ایک چائے کا چمچہ ،لیموں کا رس ایک چائے کا چمچہ ،نمک حسب ِذائقہ ، دھنیا باریک کٹا ہو ا(گارنشنگ کے لیے )

ترکیب: پین میں تیل گرم کر کےاس میں آلو شامل کرلیں ،اس وقت تک پکائیں کہ آلو سنہری برائون ہو جائیں ۔پھر اس میں لال مرچ ،دھنیا ،پودینا اور ادرک کو یکجا کرکے بلینڈر میں بلینڈ کرلیں۔ اگر ضرورت محسوس ہو تو تھوڑا سا پانی بھی شامل کر لیں۔ان کا پیسٹ بنا لیں اور ایک جانب رکھ دیں۔

آلو، تیار کردہ پیسٹ، چاٹ مسالہ، لیموں کا رس ایک پیالے میں یکجا کریں۔دھنیا سے گارنش کریں ۔

کچوری

اجزا:میدہ ایک پائو ،نمک ایک چائے کا چمچہ ،تیل تین کھانے کے چمچے ،چنے کی دال آدھا کپ ،کالی مرچ آدھا چائے کا چمچہ

ترکاری کے لیے :

آلو چار عدد ،کٹی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ ،ہلدی آدھا چائے کا چمچہ ،زیرہ ایک چائے کا چمچہ ،رائی چوتھائی چائے کا چمچہ ،ہری مرچیں دوعدد ،دھنیا حسب ِمنشا ء

ترکیب :چنے کی دال اُبال کر میش کرلیں ۔نمک اور کالی مرچ ملا کر رکھ دیں ۔میدہ میں نمک اورتیل شامل کرکے پانی سے گوندھ لیں ۔(یاد رکھیں آٹا نرم ہو جائے )۔پندرہ منٹ بعد پیڑے بنا کر اس میں دال شامل کر لیں ۔تیل لگا کر پیڑے کو ہتھیلی پر پھیلا کر گول ٹکی بنا کر فرائی کرلیں۔ترکاری بنانے کے لیے آلو اُبال کر میش کرکے اس میں تمام اجزا شامل کرکے پندرہ منٹ تک پکائیں ۔آخر میں اوپر سے ہرا دھنیا ڈال کر پیش کریں ۔

پکوڑہ سینڈوچ

اجزا:آلو چار عدد،نمک حسب ِذائقہ ،کٹی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ ،زیرہ ایک کھانے کا چمچہ ،ثابت دھنیا ایک کھانے کا چمچہ ،انار دانہ ایک کھانے کا چمچہ،چاٹ مسالہ ایک چائے کا چمچہ ،ہری مرچیں دو عدد ،ہرا دھنیا چوتھائی کپ ،بیسن ایک کپ ،بریڈ سلائس حسب ِضرورت

ترکیب: آلو اُبال کر میش کرلیں ۔پھر اس میں نمک ،کٹی لال مرچ ،زیرہ ،ثابت دھنیا ،انار دانہ ،ہری مرچیں ،دھنیا اور چاٹ مسالہ ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں ۔بریڈ کو گول شیپ میں کٹ کرکے اس میںآلو کا آمیزہ لگا لیں ،پھر اس پر دوسرا بریڈ کا سلائس رکھ کر آہستہ سے دبا ئیں۔بیسن میں نمک ،کٹی لال مرچ ،زیرہ اور دھنیا ڈال کر گھول لیں ۔اب بریڈ کو اس میں رول کرکے فرائی کریں ۔افطاری میں گرم گرم مزے سے کھائیں ۔

کالے چنے کی چاٹ

اجزا :کالے چنے ایک کپ ،لیموں دوعدد ،ہری مرچیں دو عدد ،پیاز ایک عدد درمیانے سائز کی ،ٹماٹر ایک عدد درمیانے سائز کا ،املی کا گودا دوکھانے کے چمچے ،نمک حسب ِذائقہ ،کالی مرچ آدھا چائے کا چمچہ ،چاٹ مسالہ حسب ِضرورت ،ہر ادھنیاحسب ِضرورت ۔

ترکیب :چنے اُبلنے کے لیے دیگچی میں ہلکی آنچ پر چڑھا دیں ۔جب اچھی طر ح گل جائیں تو اس کا پانی نکال کر اس میں مزید پانی ڈالیں ،پھر اس میں باریک کٹی ہوئی ہری مرچیں اوراملی کا گودا ڈال کر چولہے پر رکھ دیں ،تاکہ پانی خشک ہو جائے ۔اس کے بعد چنے اُتار کر ٹھنڈے ہونے کے لیے رکھ دیں ،ٹھنڈے ہونے کے بعد ان میں نمک ،لیموں کا رس ،ٹماٹر ،پیاز باریک کاٹ کر ڈالیں ۔کالی مرچ اور چاٹ مسالہ اوپر سے ڈال کر چٹ پٹی کالے چنے کی چاٹ افطاری میں پیش کریں۔