نیا سمسٹر بروقت شروع کیا جائے، پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز کا مطالبہ

May 07, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز پاکستان نے حکومت سے بروقت نیا سمسٹر شروع کرنے کا مطالبہ کردیا۔ سمسٹر خزاں میں مزید تاخیر سے طلبا کی تعلیم کا ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ چیئرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمان نے حکومت کو خط ارسال کردیا جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومتی فیصلہ سے طلباء کو ان کے تعلیمی سفر میں خلل ڈالنے اور ان میں مزید ذہنی تناؤ پیدا ہونے کے معاملے میں ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمن نے خط میں کہا ہے کہ ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان پچاسی نجی شعبے کی یونیورسٹیوں کی ایک منتخب نمائندہ تنظیم ہے جس میں اکتیس علاقائی کیمپس ہیں جن میں چالیس فیصد سے زیادہ طلبہ پورے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ہیں، دوسرے شعبوں کی طرح کورونا کی جاری تیسری لہر نے تعلیم کے شعبے کو بری طرح متاثر کیا ہے، خزاں سمسٹر برائے سال 2021ء کے آغاز میں تاخیر سے طلبہ اور تعلیمی اداروں کا ناقابل تلافی نقصان ہو گا۔ چیئرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمن نے خط میں مزید کہا کہ نجی شعبے کی یونیورسٹیوں کا پہلے سے پریشان حال مالی نظام تباہ ہونے والا ہے جو وبائی امراض کے دوران حکومت کی طرف سے کسی خاص ریلیف کے بغیر خود ہی مشکل سے بچ رہا ہے۔