کورونا SOPs کی خلاف ورزی پر 9کوچز ضبط، 15افراد گرفتار

May 07, 2021

کراچی کی سہراب گوٹھ پولیس نے کورونا وائرس ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے اندورن ملک آنے اور جانے والی بسوں اور کوچز کے سہراب گوٹھ بس ٹرمینل کو سربمہر کردیا ہے جبکہ کارروائی کے دوران 9 مسافر کوچز کو ضبط کرکے 9 ڈرائیورز سمیت 15 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس سہراب گوٹھ سہیل فیض کے مطابق کارروائی کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے مسافر بھر کر سہراب گوٹھ پہنچنے والی 9 بسوں کو ضبط کیا گیا ہے اور کوچز کے عملے کے 16 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

گرفتار کیے گئے افراد میں بسوں اور کوچز کے 9 ڈرائیورز اور 7 کنڈیکٹرز شامل ہیں۔

سہیل فیض کے مطابق سہراب گوٹھ پر واقع انٹرسٹی بس ٹرمینل کو کنکریٹ بلاکس لگا کر سیل کردیا گیا ہے۔

سہراب گوٹھ کے الاآصف اسکوائر سے اندرون ملک جانے والی بسوں کا اڈا سر بمہر کر دیا گیا ہے جہاں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔