نیپرا کی بجلی صارفین سے 90 ارب وصولی کی منظوری

May 07, 2021

نیپرا نے دو سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس میں بجلی صارفین سے 90 ارب روپے وصولی کی منظوری دے دی۔

نیپرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے سہ ماہی ایڈجٹمنٹس میں 91 ارب روپے سے زیادہ مانگ رکھے تھے، رقم بجلی کی ادائیگیوں کے لیے آپریشنز اینڈ مینٹیننس سمیت دیگر مد میں مانگی گئی تھی۔

فی یونٹ بجلی 89 پیسے سے مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی ہے، یہ منظوری دو سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کے تحت دی گئی ہے۔

نیپرا کے فیصلے کا اطلاق وفاقی حکومت سے منظوری کی صورت میں ہو گا۔

نیپرا کے فیصلے سےرواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے تحت صارفین پر 43 ارب 83 کروڑ کا بوجھ پڑے گا۔

نیپرا کے فیصلے سےرواں مالی سال دوسری سہ ماہی کے تحت 46 ارب 18 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔

نیپرا کے اس فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر نہیں ہو گا۔