اشرف صحرائی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی

May 08, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) معروف کشمیری حریت پسند رہنماء اشرف صحرائی کی غائبانہ نماز جنازہ کراچی پریس کلب کے باہر ادا کی گئی ۔ جس کا اہتمام ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان ، یوتھ فورم فار کشمیر، فلسطین فاونڈیشن اور فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کے اشتراک سے کیا گیا تھا ۔ اس موقع پر ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کے چئیرمین جمشید حسین، معروف کشمیری مصنف و کالم نویس بشیر سدوزئی، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر کراچی ہاشم یوسف ابدالی، فلسطین فاونڈیشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم، فرینڈز آف کشمیر کے سیاب صدیقی نے خطاب کیا۔ بشیر سدوزئی نے کہا کہ حریت پسند رہنماء کو جیل میں قتل کیا گیا ۔ اس سے قبل ان کو خریدنے اور دبانے کی کوشش کی گئی مگر انہوں نے 77 برس کی عمر میں بھارت کے ٹارچر سیل کی اذیت تو برداشت کی اپنے اصولی موقف سے نہیں ہٹے ۔ جمشید حسین نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر بے انتہا ظلم کر رہا ہے ۔ اور قیادت کو ختم کرنا شروع کر دیا ہے ۔ہاشم یوسف ابدالی نے کہا کہ اشرف صحرائی پاکستانی سپائی تھے۔ ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا کہ کشمیر و فلسطین امت مسلمہ کا مسئلہ ہے جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا ہم جدوجہد کرتے رہیں گے، آج یوم القدس ہے اور ہم اشرف صحرائی کا نماز جنازہ بھی پڑھ رہے ہیں ۔ سیاب صدیقی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی خون بے قیمت ہو گیا بھارت ایک لاکھ نوجوانوں کو شہید کرنے کے بعد اب مرکزی قیادت کو سکرین سے ہٹا رہی ہے ۔