چین کی مدد سے آپریشن، خیبر پختونخوا ، سندھ اور پنجاب سے ٹڈی دل ختم

May 10, 2021

اسلام آباد(خبرایجنسی)نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر (این ایل سی سی)نے کہا ہے کہ پاکستان نے آئرن برادر چین کی مدد سے خیبر پختونخوا ، سندھ اور پنجاب کو ٹڈیوں کے حملے سے پاک کردیا ،میڈیا رپورٹس کےمطابق این ایل سی سی نے بتایا کہ متاثرہ اضلاع میں 1131865ہیکٹر اراضی پر اینٹی لوکسٹ آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے اور تینوں صوبوں سے ٹڈی دل کو مکمل طور پر ختم کردیا گیا ہے، جیسے ہی ٹڈیوں نے پاکستان میں حملہ کیا تو اس سے پورے ملک میں فصلیں تباہ ہوگئیں اس موقع پر چین نے ٹڈی مارا سپرے ، سازو سامان اور ماہرین سے مدد کی ، این ایل سی سی نے بتایا کہ اس نے ملک سے کیڑوں کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے ضلع لسبیلا میں 40 ہیکٹر اراضی پر انسداد ٹڈی آپریشن کیا، وازرت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ ، صوبائی محکمہ زراعت اور پاک فوج کی مشترکہ ٹیمیں متاثرہ اضلاع میں ٹڈیوں کے خلاف ایک جامع سروے اور کنٹرول آپریشن کررہی ہیں اور اس کو 61اضلاع سے کامیابی کیساتھ کم کر کے ایک ضلع تک محدود کیا گیا ہے،صحرا ئی ٹڈیوں کے حملوں سے نمٹنے کے لئے بنائی گئی مشترکہ ٹیموں نے متاثرہ علاقوں کے تقریبا209777520ہیکٹر رقبے کا سروے بھی مکمل کرلیا ۔خیبرپختونخوا ، سندھ اور پنجاب کے کسی علاقے سے ٹڈی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم ٹڈیاں صرف بلوچستان کے ایک ضلع لسبیلہ میں موجود تھیں،چین نے فوری اور بڑے پیمانے پر امداد کے ساتھ صحرائی ٹڈیوں کی بدترین بھیڑ کو روک دیا ۔