یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ سیکرٹریٹ گاڑی کے استعمال کی ویڈیو وائرل

May 10, 2021


یوسف رضاگیلانی کی سینیٹ سیکرٹریٹ کی گاڑی کے استعمال کی ویڈیو وائرل ہوگئی، ویڈیو میں سینیٹ سیکرٹریٹ کی گاڑی مبینہ طور پر پبلک سواری کے لیے استعمال کرنےکا الزام عائد کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ جنہیں سینیٹ چیئرمین بننا تھا انہوں نے سرکاری گاڑی پر ٹیکسی سروس شروع کردی۔

شہباز گل نے کہا کہ دیہاڑی ہر صورت لگانی ہے بھلے کیسے بھی لگے۔

قاسم گیلانی نے کہا کہ شہبازگل اور پی ٹی آئی کے ٹرولز نے یوسف رضا گیلانی کےخلاف گھٹیا مہم چلائی۔

شہباز گل نے کہا کہ یہ حرکت ایسی ہے کہ اس پر بیان دینے کو بھی دل نہیں کرتا، جس کے جواب میں قاسم گیلانی نے سوشل میڈیا پر جواب دیتے ہوئے شہباز گل سے کہا کہ گاڑی سینیٹ سیکرٹریٹ کی ملکیت ہے۔

قاسم گیلانی نے کہا کہ گاڑی میں موجود ڈرائیور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور دوسرا سینیٹ سیکرٹریٹ کا ہے، دونوں ڈرائیوروں میں کوئی بھی یوسف رضا گیلانی کا ملازم نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی بغیر اجازت ایک ڈرائیور دوسرے کو اڈے تک چھوڑنے گیا، ڈرائیور نےاس معاملے پر ویڈیو بیان بھی جاری کیا ہے۔

قاسم گیلانی نے کہا کہ اس معاملے پر ایکشن سینیٹ سیکرٹریٹ یا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن لے گی۔

انہوں نے کہا کہ تاریخی کرپٹ ترین حکومت کو ملازمین کا گاڑی کا غیرقانونی استعمال نظر آتا ہے، کرپشن نہیں۔