عید پر لوگوں کی زیادہ نقل و حرکت سے کورونا کیسز میں اضافے کا خطرہ ہے، راجہ بشارت

May 11, 2021

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہعید پر لوگوں کی زیادہ نقل و حرکت کے باعث کورونا کیسز میں اضافے کا خطرہ ہے۔

سول سیکرٹریٹ میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء راجہ بشارت، ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکریٹری پنجاب نے شرکت کی۔

اجلاس میں عید پر لوگوں کی نقل و حرکت محدود رکھنے کیلئے لاک ڈاؤن پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر قانون راجہ بشار کا کہنا تھا کہ عید پر لوگوں کی زیادہ نقل و حرکت کے باعث کورونا کیسز میں اضافے کا خطرہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوششوں کا ساتھ دیں۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ عوام نے لاک ڈاؤن کے دوران ایس او پیز پر عمل کیا تو کیسز میں نمایاں کمی آئے گی۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ لوگ عید سادگی سے منائیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

چیف سیکریٹری پنجاب جواد رفیق ملک کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس عیدالفطر کے تجربے کو مدِنظر رکھتے ہوئے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انھوں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عید کی نماز کے اجتماعات کے لیے ایس او پیز تیار کرلیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نمازِ عید کے اجتماعات بھی ایس او پیز کے تحت ہوں گے۔