شہباز شریف کا فلسطینیوں کی شہادت پر اظہارِ رنج و غم

May 12, 2021

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت اور فلسطینیوں کی شہادت پر اظہارِرنج و غم کیا ہے۔

جاری کیئے گئے ایک بیان میں مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عالمی برادری، او آئی سی اور عرب لیگ اسرائیل کو ظلم و بربریت سے روکنے کے لیے فوری کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کا سربراہی اجلاس بلایا جائے اور اس قتلِ عام کو رکوایا جائے، اسرائیل پورے فلسطین کو قبرستان بنانے پر تلا ہوا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی ظلم نہ روکا گیا تو پورا خطہ اور دنیا تباہی و بربادی کے جہنم میں جا گرے گی، بے گناہ خواتین اور شہید بچے پوری انسانیت سے انصاف کا سوال کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین سمیت تمام مہذب دنیا کے بیان کافی نہیں، بے گناہوں کو بچانے کے لیے عملی قدم اٹھانا ہو گا۔

صدر مسلم لیگ نون کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسرائیل کی انسانیت سوز کارروائی نے مسلمانوں کی عید الفطر کو غم میں بدل دیا ہے، فلسطینی شہداء کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کرتے ہیں۔