فلسطینیوں پر صیہونی مظالم ،شہریار منور امریکی میڈیا کی جانبداری پر برس پڑے

May 13, 2021

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے معروف اداکار شہریار منور صیہونی فوج کے مسجد اقصیٰ پر حملے اور فلسطینیوں پر جاری ظلم و بربریت کے معاملے پر امریکا سمیت مغربی میڈیا پر برس پڑے۔حال ہی میں اداکار شہریار منور کی جانب سے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے فلسطین پر جاری مظالم کے خلاف امریکا اور مغربی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیا گیا۔شہریار منور نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ سی این این اور مغربی میڈیا کو جانبدارانہ رپورٹنگ پر شرم آنی چاہیے، عمومی طور پر مغرب اور بالخصوص امریکا کو اس مشکل وقت میں دہشتگردوں کو تعاون فراہم کرنے پر شرم آنی چاہیے۔اداکار نے لکھاکہ کیا مظلوموں کو آزاد کرنے کا دعویدار یہ وہی امریکا ہے جس نے کوریا، ویتنام، لیبیا اور شام پر غیر قانونی حملے کیے۔ شہریا ر منور نے اپنی اسٹوری میں مزید کہا کہ میرا دل اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے لیے خون کے آنسو رو رہا ہے، ناانصافی اور ظلم وبربریت سے افسردہ ہوں، ریاستی دہشت گردی سے افسردہ ہوں، اسرائیل سے افسردہ ہوں۔یاد رہے مسجد الاقصیٰ میں مسلسل کئی روز سے کشیدہ صورتحال قائم ہے، ستائیسویں شب پر اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں پر ربڑ کی گولیوں سے فائرنگ اور اسٹن گرنیڈز مارے جس سے سیکڑوں افراد زخمی ہوئے۔گزشتہ روز بھی اسرائیل نے عید سے پہلے فلسطینیوں پر قیامت ڈھاتے ہوئے غزہ پر وحشیانہ بمباری کی،130راکٹ حملوں میں کئی رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا، خوف سے مارے لوگ جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگتے رہے اور بچے چلاتے رہے۔