کرپشن کیخلاف حکومتی مہم قوم کے ساتھ فراڈ ہے، بلاول بھٹو

May 13, 2021

کرپشن کیخلاف حکومتی مہم قوم کے ساتھ فراڈ ہے، بلاول بھٹو

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیاسی انتقام کیلئے منی لانڈرنگ اور کرپشن کا جھوٹا واویلا کرکے عمران خان نے ملک کو بلیک لسٹ ہونے کے دہانے پر پہنچا دیا، فون پر ہیلو ہیلو کرنے کے ڈرامے سے ملک کے گلی کوچوں میں مہنگائی کے سونامی کی تباہی ختم نہیں ہوسکتی۔ ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کرپشن کیخلاف عمران خان کی مہم قوم کے ساتھ فراڈ ہے، جس نے ملک کے روشن مستقبل پر بھی سوالیہ نشان لگادئیے، مافیا کے سرپرست عمران خان کے احتساب کے جھوٹے نعرے کا پول کھل چکا، عوام اب اس جھانسے میں نہیں آئینگے، غیرملکی سرمایہ دار کیسے بھروسہ کرینگے کہ عمران خان خود پاکستان کو خدانخواستہ کرپشن کا گڑھ ثابت کرتے رہے ہیں، یومیہ 12 ارب روپے کی کرپشن کا الزام لگا کر اقتدار میں آنے والوں نے اپنی حکومت کے 997 دنوں میں مبینہ یومیہ کرپشن کا کتنا پیسہ قومی خزانے میں جمع کرایا؟چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آج اگر عوام مہنگائی کی وجہ سے بنیادی ضرورتوں سے بھی محروم ہورہے ہیں تو اسکے ذمہ دار صرف عمران خان ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی مسلسل نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا مطالبہ کرتی رہی مگر حکومت نے ایسا نہ کیا اور معیشت پر بھی اسکے منفی اثرات پڑے، شرمندگی کا مقام ہے کہ کمبوڈیا، گھانا اور زمبابوے جیسے پسماندہ ممالک کے ہمراہ پاکستان بھی ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نہ نکل سکا، پیپلزپارٹی نے گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے جو مثر حکمت عملی بنائی تھی، اگر عمران خان اس پر ہی عمل کرلیتے تو ملک کا فائدہ ہوجاتا لیکن پیپلزپارٹی کی وفاقی حکومت نے ملک کو یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کا درجہ دلوایا اور اسے بھی عمران خان نے دا پر لگادیا۔