پی ایس ایل میں فارم واپس لا کر قومی ٹیم میں کم بیک کرنا ہے،وہاب ریاض

May 16, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستانی فاسٹ بولر وہاب ریاض نے کہا ہےکہ پاکستانیٹیم میں واپسی ہوگی اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھی کھیلوں گا۔ پی ایس ایل کے باقی میچز کا انعقاد بہت ضروری ہے، ابھی کرکٹ نہیں ہو رہی اس لیے پی ایس ایل ہی ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں پرفارم کر کے آگے ٹیم میں واپس آیا جا سکتا ہے۔ ان دنوں میں اپنی فٹنس پر فوکس کر رہا ہوں اور اس کے علاوہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر جا کر بولنگ بھی کرتا ہوں تاکہ خود کو ردہم میں رکھ سکوں۔جیو کو انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں فارم واپس لا کر قومی ٹیم میں کم بیک کرنا ہے اس لیے پی ایس ایل کے شروع ہونے کا منتظر ہوں، ماضی میں بھی اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کر چکا ہوں۔ امید ظاہر کی کہ انہیں بھی زیر غور لایا جائے گا، اگر پی ایس ایل نہیں ہوتی تو دورہ انگلینڈ کے لیے ماضی کی کارکردگی کو دیکھا جائے گا۔ وہاب ریاض اس وقت قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں، ریڈ بال کرکٹ سے وہ پہلے ہی بریک لے چکے ہیں اور اب انہیں وائٹ بال کرکٹ کے لیے زیر غور نہیں لایا جا رہا۔ ‏وہاب ریاض نے کہا کہ سلیکٹرز اور ٹیم انتطامیہ کو ہماری صلاحیتیوں کا بخوبی علم ہے، سلیکٹرز اور مینجمنٹ نے ہی فیصلہ کرنا ہے کہ ہماری ضرورت ہے یا نہیں۔مجھے اپنی محنت اور اللہ پر یقین ہے، میں منتخب نہ ہونے پر گھبراتا نہیں ہوں، ایک دو میچز اچھے نہیں گئے یا ڈراپ ہو گیا تو اس کا مطلب یہ نہیں آتا کچھ نہیں۔وہاب ریاض نے کہا کہ ان اور آوٹ میرے کیرئیر میں بہت مرتبہ ہو چکا ہے، یہ زندگی کا حصہ ہے، میرے پاس بہت مواقع ہیں، لیگز کے کنٹریکٹس بھی سائن کر چکا ہوں لیکن پہلی ترجیح پاکستان کے لیے کھیلنا ہے۔