رنگ روڈ اسکینڈل، 25ارب کا ڈاکا، ذمہ دار گرفتار کیے جائیں، ن لیگ

May 16, 2021

لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے رنگ روڈاسکینڈل فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کے بعد وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بے ضابطگیاں نہیں۔

25 ارب سے زائد کا ڈاکا ہے اور عمران خان اور عثمان بزدار کو این آر او نہیں ملے گا، انکوائری رپورٹ آنے کے بعد عمران صاحب ، عثمان بزدار اور تمام ذمہ دار افسران کو گرفتار کیا جائے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران صاحب اور عثمان بزدار رنگ روڈ اسکینڈل کے مجرم ہیں، انکے ہوتے صرف ڈاکا پڑ سکتا ہے۔

عمران صاحب اور عثمان بزدار رنگ روڈ اسکینڈل کے مجرم ہیں ، ان کے ہوتے بلا امتیاز انکوائری نہیں صرف مافیاز کی سہولت کاری ہوسکتی ہے۔ عمران صاحب ایک طرف شہبازشریف پر مقدمے بنواتے، ای سی ایل میں نام شامل کراتے ہیں، دوسری طرف شہباز شریف کے بنائے منصوبے کو تبدیل کرکے رینٹ سیکرز کو فائدہ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ شہباز شریف نے اربوں کے منصوبے لگائے اور عمران صاحب کو کرپشن کا ایک دھیلہ نہیں ملا اور شہباز شریف کا منصوبہ ری الائین کر کے ڈاکا ڈالا گیا۔ رنگ روڈ تحقیقاتی رپورٹ کے بعد بلا امتیاز انکوائری کی نہیں گرفتاریوں کی ضرورت ہے۔