کراچی بدستور سب سے بڑا شہر، مردم شماری کے سرکاری اعداد و شمار جاری

May 19, 2021

کراچی، اسلام آباد (جنگ نیوز، نمائندہ جنگ) 2017 کی مردم شماری کے سرکاری اعداد و شمار جاری کردیئے گئے جسکے مطابق کراچی ایک کروڑ 60 لاکھ 24ہزار 894 نفوس کے ساتھ پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے۔لاہور کا آبادی کے لحاظ سے دوسرا، فیصل آباد کا تیسرا، گوجرانوالہ کا چوتھا،پنڈی کا پانچواں ،پشاور کا چھٹا نمبر ہے۔

ملکی آبادی میں سالانہ اضافے کی شرح 2.40فیصد جبکہ شرح خواندگی 58.92 فیصد ہے۔ پاکستان کی چھٹی مردم شماری کے حتمی سرکاری اعداد و شمار جاری کردیئے گئے ہیں جسکے مطابق پاکستان کی آبادی 20 کروڑ 76 لاکھ 84 ہزار 626 افراد پر مشتمل ہے۔

ان میں سے 10 کروڑ 60 لاکھ 18 ہزار 220 مرد ہیں اور 10 کروڑ 13 لاکھ 44 ہزار 632 خواتین ہیں جبکہ خواجہ سراؤں کی آبادی 21 ہزار 774 ہے۔ پانچ سال تک مردم شماری کے اعداد و شماری روکنے کے اب وفاقی حکومت نے تفصیلات جاری کردی ہیں۔ پنجاب کی آبادی 10 کروڑ 99 لاکھ 89 ہزار 655 افراد پر مشتمل ہے۔

اسکے بعد سندھ کا نمبر آتا ہے جس کی آبادی 4 کروڑ 78 لاکھ 54 ہزار 510 ہے۔ خیبرپختونخواہ کی آبادی 3 کروڑ 50 لاکھ 8 ہزار 920 ہے۔ سابقہ فاٹا کی آباد ی شامل کرنے کے بعد کے پی کی آبادی 3 کروڑ 55 لاکھ ایک ہزار 964 بنتی ہے۔ بلوچستان کی آبادی ایک کروڑ 23 لاکھ 35 ہزار 129 ہے۔

سابقہ فاٹا کی آبادی 49 لاکھ 93 ہزار 44 افراد پر مشتمل ہے، فاٹا اب صوبہ کے پی میں ضم ہو چکا ہے۔ اسلام آباد کی آبادی 20 لاکھ 3 ہزار 368 ہے۔کراچی کے 6 اضلاع کی مجموعی آبادی ایک کروڑ 60 لاکھ 24ہزار894 نفوس پر مشتمل ہے۔ کراچی اتنی آبادی کے ساتھ پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے۔ حیدر آباد کی آبادی 21 لاکھ 9 ہزار 998 ہے ۔

لاہور آبادی کے لحاظ سے پاکستان کا دوسرا بڑا شہر ہے۔ لاہور کی آبادی ایک کروڑ 11 لاکھ 19ہزار 985 ہے۔ فیصل آباد کی آبادی 78 لاکھ 82 ہزار 444 ہے۔ گوجرانوالہ کی آبادی 50 لاکھ 11ہزار 66 ہے ۔ راولپنڈی کی آبادی 54 لاکھ 2ہزار 380 ہے۔ پشاور کی آبادی 42 لاکھ 67 ہزار 198 ہے جبکہ کوئٹہ کی آبادی 22لاکھ 69 ہزار 473 ہے۔

پاکستان کی آبادی میں اضافے کی سالانہ شرح 2.40فیصد ہے، پاکستان کی 20کروڑ76لاکھ 84ہزار 626کی آباد ی میں شہروں میں 63.56فیصد افراد بستے ہیں جبکہ دیہات کی آبادی 36.44فیصد ہے، پاکستان کی شرح خواندگی 58.92فیصد ہے جو 1998کی مردم شماری میں 43.92فیصد تھی ، مردم شماری 2017 کے مطابق خیبر پختونخوا کی شرح خواندگی 54.02فیصد، فاٹا 36.08فیصد، پنجاب 64.01فیصد، سندھ 54.57 فیصد، بلوچستان 43.58فیصد اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شرح خواندگی 81.49فیصد ہے

ملک میں مذاہب کے لحاظ سےمسلمانوں کی آبادی 96.47فیصدہے جبکہ عیسائی آبادی 1.27فیصد، ہندو1.73فیصد، قادیانی0.09فیصد ، شیڈولڈ کاسٹ 0.41فیصد اور دیگر مذاہب کی آباد ی کا تناسب 0.02فیصد ہے

ملک کی مجموعی آبادی میں 65سال یا زائد عمر کے افراد کا تناسب 3.71فیصد ہے ، 15سے 64سال کا 55.98فیصد، 18سال او ر اس سے اوپر کا 53.40فیصد، 15سے 24سال کا تناسب 19.19 فیصد ، 15سال سے کم عمر کے افراد کا تناسب 40.13فیصد ، 10سال سے کم عمر 28.50فیصد، 5 سال سے کم عمر افراد14.04فیصد اور ایک سال سے کم عمر کا تناسب 2.44فیصد ہے۔