بھٹہ خشت ایسوسی ایشن کا مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ

May 19, 2021

پشاور( وقائع نگار) خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے ضلعی سطح پر بھٹوں کی قرعہ اندازی کیخلاف بھٹہ خشت ایسوسی ایشن نے رنگ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ لاک ڈائون سے متاثرہ بھٹہ خشت مالکان کو ریلیف کی فراہمی کرکے زگ زیگ بھٹوں کی تعمیر کیلئے تین سال کا وقت دیا جائے مظاہرے کی قیادت ایسوسی ایشن کے چیئرمین فضل مالک خان ،صوبائی صدر حاجی آئین خان ، ضلعی صدر ولی محمد خان ، سینئر نائب صدر حامد فواد اور پریس سیکرٹری میر رحمن کر رہے تھے مظاہرین کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے ضلعی سطح پر بھٹوں کی قرعہ اندازی پر بھٹہ خشت مالکان کو تشویش ہے حکومت کو چاہیے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر محکمہ ماحولیات حکام کے ہاتھوں امدادی رقم بھٹوں کے مالکان کو دی جائے جبکہ زگ زیگ بھٹوں کی تعمیر کیلئے تین سال کا وقت انہیں دیا جائے کیونکہ لاک ڈائون کی وجہ سے ان کا روزگار متاثر ہو چکا ہے اور وہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت فوری بھٹہ خشت مالکان کو مذاکرات کیلئے وقت دے ۔