کراچی (ٹی وی رپورٹ ) رہنما پی ٹی آئی صداقت علی عباسی نے ”جیو پاکستان “میں گفتگو کرتے ہوئےکہا ہے کہ معیشت میں بہتری کے اثرات بھی عوام کو پہنچنا شروع ہو جائیں گے،اینکر پرسن شہزاد اقبال نے کہاکہ کوئی بھی پارٹی چوہدری نثار کو اہم عہدہ دینے کی پوزیشن میں نہیں، حکومت ایک قانون پر کام کر رہی ہے جس کے مطابق الیکشن جیتنے کے بعد حلف نہ لینے والے رکن کو ڈی سیٹ کر دیا جائے گا، جہانگیر ترین گروپ کے رکن سعید اکبر نوانی نے کہا کہ علی ظفر کی رپورٹ پر ہم کوئی احتجاج نہیں کریں گے ۔صداقت علی عباسی نے کہا کہ جب ساری دنیا لاک ڈاؤن پر تھی وزیر اعظم عمران خان نے بولڈاسٹیپ لیتے ہوئے کچھ سیکٹرز کو کھولنے کی بات کی ، جس سے ہماری 6بڑی فصلوں کی ریکارڈپیداوار ، سیمنٹ انڈسٹری ، آٹو موبل انڈسٹری کے ساتھ ساتھ سروس انڈسٹری بھی کامیابی سے چلتی رہی اور شرح نمو میں اضافہ دیکھنے میں آیا ، اسد عمر ، حفیظ شیخ کی سربراہی میں بھی معاشی ٹیم نے بہتر کارکردگی دکھائی ، ٹیکنیکل ٹیم ویژن کو امپرو کرنے کے طریقے بتاتی ہیں لیکن لیڈر حالات کے مطابق بہتر سے بہتر کی تلاش جاری رکھتا ہے۔