پشاور(نمائندہ جنگ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اچانک دوروں اور چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پیر کے روز بھیس بدل کر ڈپٹی کمشنر آفس پشاورکا اچانک دورہ کیا اور ایک عام شہری کی طرح لائسنس برانچ میں جا کر عام شہریوں کے ساتھ قطار میں کھڑے ہو گئے اور معاملات کا بذات خود جائزہ لیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے لائسنس برانچ کے عملے کو عوام سے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، لائسنس برانچ کا عملہ اسلحہ لائسنس کیلئے مقررہ 350 روپے کی بجائے لوگوں سے 1000 روپے فی لائسنس وصول کر رہا تھا، جس پر وزیراعلیٰ نے لائسنس برانچ کے انچارج سمیت برانچ کے سارے عملے کو معطل کرکے معاملے کی انکوائری کرکے تین دنوں کے اندر اندر رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کئے۔