سینیٹ میں فلسطین سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور

May 25, 2021

سینیٹ میں فلسطین سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ہے۔

قائد ایوان سینیٹ ڈاکٹر شہزاد وسیم نے قرارداد پیش کی جس کے بعد چیئرمین سینیٹ نے قرارداد کی کاپیاں دنیا کی مختلف پارلیمان کو بھجوانے کی ہدایت کی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ دنیا بھر کی حکومتیں مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی مظالم کا نوٹس لیں۔

اس میں کہا گیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی جدوجہد آزادی میں شانہ بشانہ شریک ہے۔

قرارداد کے مطابق اسرائیل غزہ کا محاصرہ فوری ختم کرکے عالمی مبصرین کو داخلے کی اجازت دے۔

اس میں یہ بھی کہا گیا کہ سینیٹ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی جارحیت کی بھی شدید مذمت کرتا ہے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ سینیٹ کا ایوان مسجد اقصیٰ کا تقدس پامال کرنے پر اسرائیل کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

اس میں کہا گیا کہ اسرائیل شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جنیوا معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنائے۔

اس میں واضح کہا گیا کہ پاکستان القدس شریف کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کرتا ہے۔

قرارداد کے مطابق پاکستان مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر یقین رکھتا ہے، دو ریاستی حل 1967 سے قبل کی سرحدی حدود پر مشتمل ہونا چاہیے۔