سی پیک کے تحت 13 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری آچکی، عاصم سلیم باجوہ

May 25, 2021

چیئرمین چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت ملک میں 13 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری آچکی ہے۔

عاصم سلیم باجوہ نے لاہور کے ملتان روڈ پر چینی ٹیکسٹائل کمپنی کا دورہ کیا، انہیں کمپنی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا گیا۔

اس موقع پر جیونیوز سے گفتگو عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان آنے والے سرمایہ کاروں کے لیے ویزے کی مدت بڑھائی جارہی ہے، سی پیک کے ثمرات نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک پاکستان میں معاشی انقلاب لائے گا ، 13 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری آچکی ہے جبکہ 12 ارب ڈالرز ابھی پائپ لائن میں ہیں۔

عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ویزے کی مدت بڑھانے کے علاوہ کئی اقدامات کیے جارہےہیں، جن کا اعلان وزیر اعظم جلد کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چینی سرمایہ کاروں کے لیے مزید معاشی زون بنائے جار ہے ہیں ۔