55 سال کا ہونے پر پہلے سے زیادہ مضبوط ہوں: وسیم اکرم

June 04, 2021

سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ اُنہوں نے اپنی زندگی کی 55 بہاریں دیکھ لی ہیں لیکن عُمر گُزرنے کے ساتھ وہ پہلے سے مضبوط ہورہے ہیں۔

وسیم اکرم نے اپنی 55ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے تمام چاہنے والوں کے محبت بھرے پیغامات کا شکریہ ادا کرنے کے لیے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر خصوصی پیغام جاری کیا۔

سابق کرکٹر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میں 55 سال کا ہوگیا اور میں اب بھی پہلے سے زیادہ مضبوط ہوں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’کورونا وائرس نے مجھے بہت کچھ سِکھایا ہے کہ فیملی سے بڑھ کر کچھ نہیں۔‘

وسیم اکرم نے لکھا کہ ’میں زندگی کی تمام نعمتوں اور محبتوں کے لیے اپنے رب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘

سابق کپتان نے مزید لکھا کہ ’میں اُن تمام لوگوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنہوں نے مجھے زندگی کے ہر موڑ پر سپورٹ کیا۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی وسیم اکرم نے اپنی 55ویں سالگرہ منائی تھی۔