کورونا شرح بڑھنے کے باوجود سندھ میں نرمی کیوں؟ طبی ماہرین حیران

June 06, 2021

وزیر صحت سندھ کی تنبیہ اور کورونا شرح بڑھنے کے باوجود سندھ میں پابندیوں میں نرمی کیوں ؟

حکومت سندھ کے کورونا پابندیوں میں نرمی کے فیصلے نے طبی ماہرین کوحیران کردیا۔

کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسوں کی شرح 11 فیصد اور حیدرآباد میں 5 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

پی ایم اے کے ڈاکٹر قیصر کہتے ہیں کہ یاسمین راشد اور پنجاب حکومت نے بہت بہتر کام کیا، نتائج سامنے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں کورونا وائرس کا معاملہ سیاست کی نذر ہوچکا ہے، اس پر جب تک یکساں پالیسی نہیں بنے گی، صورتحال ٹھیک نہیں ہوگی۔

ڈاکٹر قیصر نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح آج 2 فیصد رہی ہے جبکہ لاہور میں یہ شرح اعشاریہ 85 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

دوسری طرف وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی میں کورونا کیسز کم ہوئے ہیں، صرف ایک ڈسٹرکٹ اور کچھ علاقوں میں زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں، وہاں کورونا کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔