لاہور: کورونا وبا میں کمی کے بعد اسکول کھلنے کے پہلے ہی دن حادثہ

June 07, 2021


لاہور میں کورونا وبا میں کمی کے بعد اسکول کھلنے کے پہلے ہی دن ایک نجی اسکول میں پیش آئے حادثے نے 7 سالہ بچی کی جان لےلی، واقعے میں 3 طالبات زخمی بھی ہوئیں، جنہیں اسپتال پہنچایا گیا۔

لاہور کے علاقہ گرین ٹاؤن میں ایک نجی اسکول میں دھوپ سے بچاؤ کیلئے ڈالی گئی سبز ترپال خستہ حال دیوار کی اینٹوں سمیت طالبات پر آ گری۔

اینٹیں لگنے سے ایشل، نور فاطمہ ، اقراء اور تعظیم نامی طالبات زخمی ہو گئیں، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں 7 سالہ ایشال سر پر گہری چوٹ لگنے کی وجہ سے دم توڑ گئی۔

اطلاع ملتے ہی والدین اسکول پہنچ گئے جو اپنی بچیوں کی خیریت کےحوالے سے بہت پریشان دکھائی دیئے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسکول انتظامیہ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اسکول انتظامیہ واقعے کو حادثہ قرار دیتی رہی جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ درخواست ملی تو ضرور قانونی کارروائی کی جائے گی۔