ماہرہ خان کا ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کی انجلی کا انداز مداحوں کو بھا گیا

May 26, 2024

اداکارہ ماہرہ خان—فوٹو بشکریہ انسٹا گرام

پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان کا بالی ووڈ کی سُپر ہٹ فلم’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کے مشہور کردار’انجلی‘ کو کاپی کرنا مداحوں کو بھا گیا۔

فلم’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ میں چلبلی سی لڑکی ’انجلی‘ کا کردار بھارتی اداکارہ کاجول نے ادا کیا تھا جسے بالی ووڈ کے تقریباً سب ہی شائقین نے بہت پسند کیا تھا۔

ماہرہ خان کی حالیہ انسٹا گرام پوسٹ دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ اُنہیں بھی یہ کردار بہت پسند ہے۔

اُنہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اپنی ایک نئی تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ سفید رنگ کی شرٹ کے ساتھ نیلے رنگ کی جینز اور سر پر الٹی کیپ پہنے کرسی پر بیٹھی نظر آ رہی ہیں۔

اداکارہ کی اس پوسٹ نے سوشل میڈیا صارفین کو1998ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کی یاد دلا دی۔

ماہرہ نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’راہول از اے چیٹر‘ جو کہ اس فلم کے کردار ’انجلی‘ کا ایک مشہور ڈائیلاگ ہے۔

اس پوسٹ کے بیک گراؤنڈ میںفلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کا مشہور گانا ’یہ لڑکا ہے دیوانہ‘ بھی سنا جاسکتا ہے۔

ماہرہ خان نے کیپشن میں اپنے مداحوں سے پوچھا کہ مجھے بتائیں کون یہ گانا سنتے ہوئے ساتھ میں گنگنا بھی رہا ہے اور بالکل اسی انداز میں کیپ بھی پہننا چاہتا ہے۔

اداکارہ کی اس پوسٹ کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے اور اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔