اسلام آباد ہائی کورٹ: فریال تالپور کی الیکشن کمیشن میں نااہلی کیس کی بحالی کیخلاف درخواست مسترد

June 08, 2021

اسلام آباد ہائیکورٹ نے رکن سندھ اسمبلی اور پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کی الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں نااہلی کیس کی بحالی کے خلاف درخواست مسترد کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

خیال رہے کہ فریال تالپور کی نااہلی کی درخواست الیکشن کمیشن میں زیر التوا ہے، گزشتہ برس الیکشن کمیشن نے درخواست گزار ارسلان تاج کی عدم پیروی پر کیس خارج کر دیا تھا۔

درخواست گزار کی دوبارہ درخواست پر الیکشن کمیشن نے فریال تالپور نااہلی کیس بحال کردیا۔

فریال تالپور نے الیکشن کمیشن میں کیس بحالی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

اثاثے چھپانے کے معاملے پر فریال تالپور نااہلی کیس الیکشن کمیشن میں زیر التوا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن کے 8 فروری کے حکم میں مداخلت کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔