ہیری اور میگھن کی برطانوی نشریاتی ادارے کو قانونی کارروائی کی دھمکی

June 10, 2021

شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے والے برطانوی شہزادے ہیری اور اہلیہ میگھن مارکل نے برطانوی نشریاتی ادارے کو اپنی بیٹی کے نام سے متعلق بے بنیاد خبریں پھیلانے پر قانونی کارروائی کی دھمکی دے دی ہے۔

گزشتہ ہفتے ہی میگھن اور ہیری کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام انہوں نے ملکہ الزبتھ دوئم کے نام سے منسوب کیا تھا۔

برطانوی نشریاتی ادارےنے بدھ کے روز ایک نامعلوم شاہی محل کے ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ شاہی جوڑے نےبیٹی کا نام منتخب کرنے سے قبل ملکہ برطانیہ سے اجازت نہیں لی تھی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شاہی جوڑے کی جانب سےاس خبر پر ردِعمل سامنے آیا کہ ملکہ برطانیہ ہی سب گھر والوں میں سے وہ پہلی ممبر تھیں جنہیں اس بارے میں آگاہ کیا گیا تھا۔

شہزادہ ہیری اور میگھن کے ترجمان کا اس بارے میں کہنا تھا کہ ’شہزادہ ہیری نے بیٹی کے نام کے بارے میں اپنی خواہش کا اظہار ملکہ برطانیہ سے کیا تھا ۔‘

ترجمان نے مزید کہا کہ ’اگرملکہ برطانیہ اس حوالے سے اجازت نہ دیتی تو وہ یہ نام استعمال نہیں کرتے‘

میڈیا رپورٹس کے مطابق ، ڈیوک اور ڈچزآف سسیکس کے وکیلوں نے اب کچھ میڈیا تنظیموں کو ایک خط بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ برطانوی نشریاتی ادارے کی خبر غلط اوربے بنیادہے۔

بکنگھم پیلس نے اس معاملے پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے گریز کیا البتہ ملکہ برطانیہ اپنے ایک بیان میں کہہ چکی ہیں کہ وہ شاہی جوڑے کے ہاں بیٹی کی پیدائش پر خوش ہیں ۔