قومی اسمبلی میں احسن اقبال اور فروغ نسیم آمنے سامنے

June 10, 2021

قومی اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال اور وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم آمنے سامنے آگئے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کل تک کلبھوشن کا نام لینا جرم تھا، اب اسی کے لیے قانون منظور کروانا ثواب کیسے ہوگیا؟

انہوں نے کہا کہ مقدس ایوان میں جاسوس کے لیے خصوصی قانون سازی کی اجازت نہیں دیں گے، اس کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ ملٹری کورٹ کی سزائے موت پر ہائی کورٹ نظرثانی کرسکتا ہے۔

اس پر وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا کہ احسن اقبال وہ بات کر رہے ہیں جو بھارت چاہتا ہے، اس کا مطلب ہے کہ انہوں نے عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ ہی نہیں پڑھا۔

فروغ نسیم نے کہا کہ یہ ہم سب کے لیے باعث شرم ہے، اگر بھارت نے آئی سی جے میں پاکستان کے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں کی تو اس کی وجہ یہ آرڈیننس ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانون نہیں لائیں گے تو عالمی عدالت میں ہمارے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوسکتی ہے۔