پاکستان ورلڈکپ سمیت دو آئی سی سی ٹورنامنٹس کی میزبانی کیلئے کوشاں

June 11, 2021

کراچی (عبدالماجدبھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے دوران پی سی بی حکام مختلف میٹنگ میں ورلڈ کپ سمیت آئی سی سی کے کم ازکم دو اہم ایونٹ کی میزبانی حاصل کرنے کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں۔ پی سی بی ، ورلڈ کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ،سری لنکا، بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ کرانا چاہتا ہے۔ پاکستان نے ایشیائی ملکوں کو اپنے ساتھ میزبانی کی دوڑ میں شامل کیا ہے۔بھارت پاکستان کے ساتھ کسی ٹورنامنٹ کی میزبانی میں شامل نہیں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی چیئرمین احسان مانی براہ راست آئی سی سی ٹورنامنٹ کی میزبانی حاصل کرنے والی کمیٹی کی سربراہی کررہے ہیں۔2024سے2031کے سائیکل کے دوران پاکستان کچھ ایونٹ کی مشترکہ میزبانی متحدہ عرب امارات،سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ساتھ کرنا چاہتا ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ پاکستان کے پاس کراچی، لاہور، پنڈی، ملتان اور پشاور کے پانچ گرائونڈز ہیں جبکہ ورلڈ کپ کرانے کیلئے آٹھ سے دس گرائونڈز درکار ہوتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی کوشش ہے کہ جن ٹورنامنٹس میں زیادہ وینیو درکار ہیں ان ایونٹ میں تین ایشیائی ملک پاکستان کے ساتھ امیدوار ہوں گے ان ملکوں کا ٹائم زون بھی پاکستان سے ملتا جلتا ہے۔پی سی بی کم از کم دو آئی سی سی ٹورنامنٹ کی میزبانی حاصل کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان نے آخری بار 1996کے ورلڈ کپ کی بھارت کے ساتھ میزبانی کی تھی۔2011کے ورلڈ کپ کی میزبانی پاکستان سے آخری لمحات میںواپس لے لی گئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کی تنہامیزبانی کرسکتا ہے ۔ آٹھ سال میں آئی سی سی کے آٹھ ایونٹ کی میزبانی کا فیصلہ ایک غیر جانب دار کمیٹی کرے گی۔