بچوں کو امتحان دینے دیں،دو ہفتے بعد چھٹیاں دے دیں گے : مراد راس

June 11, 2021


وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت کا احساس ہے، دو ہفتے بعد چھٹیاں دے دیں گے لیکن ابھی بچوں کو امتحانات دینے دیں۔

مراد راس نے کہا کہ امتحانات کے لیے نصاب کم کردیا ہے ، معروضی طرز کے امتحانات لے رہے ہیں، دو سال تک بغیر امتحانات کے اگلی کلاس میں پرموٹ کرنا غلط ہے۔

مراد راس نے کہا کہ گرمی کی وجہ سے اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کیےہیں، خدانخواستہ غیر معمولی حالات ہوئے تو پھر دیکھیں گے۔

وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے لاہور سے جاری ایک بیان میں کہا کہ والدین اپنے نزدیکی علاقوں میں بچوں کے داخلے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ 93 فیصد بچوں کا ب فارم موجود ہے جو اس سے پہلے نہیں تھا، 8 ہزار اسکول پرائمری سے ایڈمنسٹریٹو کرنے جا رہے ہیں، حکومت سے فنڈز مانگ لیے ہیں ایک ہفتہ تک فنڈز ملے گے۔

مراد راس نے یہ بھی کہا کہ پرائیوٹ اسکولز کیلئے ایکٹ لا رہے ہیں، پرائیوٹ اسکولز ایکٹ کل وزیراعلیٰ پھر کابینہ میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔

گزشتہ روز مراد راس نے گرمی کی شدت کے باعث صوبے بھر کے تمام اسکولوں کے لیے نئے اوقات کار جاری کیے تھے۔

صوبائی وزیر نے کہا تھا کہ تمام اسکول صبح سات بجے سے صبح ساڑھے گیارہ بجے تک کھلیں گے۔