IMF پروگرام کاحصہ ہیں، منزل پر ہمارا کوئی اختلاف نہیں، فواد

June 12, 2021


کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی بجٹ 2021-2022ء پر جیو کی خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کاحصہ ہیں، منزل پر ہمارا کوئی اختلاف نہیں ، ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے صرف دس فیصد تنخواہوں میں اضافہ کرکے تنخواہ دار لوگ کے ساتھ مذاق کیا،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیدنے کہاکہ ایم ایل ون پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا کام ہے یہ شروع ہوا تو پاکستان کا نقشہ بدل جائے گا، ڈیڑھ دو لاکھ افراد کو اس میں روزگار میسر آئے گا۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔اچھے مذاکرات ہورہے ہیں آئی ایم ایف کے پروگرام کاہم حصہ ہیں۔اس وقت ہماری منزل پر ہمارا اور آئی ایم ایف کا کوئی اختلاف نہیں ہے۔صرف اس کے طریقہ کارپر بات چیت ہورہی ہے یہ بات چیت مثبت نتیجے پر پہنچے گی۔تین انکوائریاں ہورہی ہیں جن میں شہباز شریف، حمزہ شہباز اورجہانگیر ترین شامل ہیں۔تینوں میں تفتیشی ایجنسی نے جاکر یہ کہا ہے کہ ابھی ہم ان کو گرفتار نہیں کرنا چاہتے ہیں کیونکہ مقدمات میں جب ثبوت آتی ہیں تب گرفتار کرتے ہیں ۔عمران خان کبھی تفتیش میں مداخلت نہیں کرتے یہ تو پیچھے ایجنسی کا معاملہ ہے۔