بھارتی اداکارہ نے شوبز سے بریک لے لیا

June 12, 2021

بھارتی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کی باصلاحیت اداکارہانیتا ہسانندنی ریڈی نے بیٹے کی پیدائش کے بعد شوبز کی دُنیا سے عارضی طور پر کنارہ کشی اختیار کرلی۔

اس حوالے سے انیتا ہسانندنی نے اپنے لاکھوں مداحوں کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خصوصی پیغام جاری کیا۔

انیتا ہسانندنی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’اداکاری میری پہلی محبت ہے اور میں ہمیشہ کے لیے اس سے کنارہ کشی اختیار نہیں کررہی۔‘

بھارتی اداکارہ نے کہا کہ ’میں صرف اتنا کہوں گی کہ اس وقت میرے لیے سب سے بڑھ کر میرا بیٹا اور اُس کی پرورش ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں چاہتی ہوں کہ میں اپنی پہلی ترجیح یعنی اپنے بیٹے پر پوری توجہ اور وقت دوں۔‘

انیتا ہسانندنی نے کہا کہ ’جب میری مصروفیات تھوڑی کم ہوجائیں گی اور مجھے لگے گا کہ میں اب کام کرسکتی ہو تو دوبارہ شوبز جوائن کرلوں گی۔‘

یاد رہے کہ رواں سال فروری میں انیتا ہسانندنی کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

انیتا ہسانندنی کے شوہر نے اپنے سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے مداحوں کو بتایا تھا کہ اُن کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ انیتا ہسانندنی نے بالی ووڈ کی معروف فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جن میں فلم ’کچھ تو ہے‘، ’کوئی آپ سا‘ اور ’یہ دل‘ وغیرہ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ اُنہوں نے کئی بھارتی ڈراموں میں بھی مرکزی کردار ادا کرکے مقبولیت کے جھنڈے گاڑے ہیں، انیتا کا مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’کاویہ انجلی‘ تھا۔

انیتا ہسانندنی نے سات سال قبل روہت ریڈی سے شادی کی تھی جبکہ شادی کے کچھ عرصے بعد دونوں کی علیحدگی کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں تاہم اس جوڑی نے تمام خبروں کی تردید کردی تھی۔