سعودی عرب میں فلموں کی عکسبندی کے فروغ کیلئے پروڈکشن کمپنیوں کیساتھ سمجھوتے

June 13, 2021

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں بین الاقوامی فلموں کی عکس بندی کو فروغ دینے کے لئے پروڈکشن کمپنیوں کے ساتھ سمجھوتے کئے جا رہے ہیں۔ حال ہی میں ضلع العُلا اور دارالحکومت ریاض میں ایک امریکی فلم چیری کے کچھ مناظر کی عکس بندی کی گئی تھی، یہ مملکت میں ہولی وڈ کی کسی فلم کی عکس بندی کا پہلا تجربہ تھا۔ اب العلا منیجمنٹ نے دوسری امریکی فلم کی عکس بندی کے تعلق سے سمجھوتہ کیا ہے۔ ضلع میں فلم پروڈکشن کے لیےمطلوب تمام سہولتوںاور لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔سعودی عرب میں سیاحتی ویزوں کے اجرا کے بعد سے سینما اور ٹی وی پروڈکشن کمپنیوں کی جانب سے مملکت میں عکس بندی کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کمپنیوں کی ایک بڑی تعداد نے العُلا اور مملکت کے دیگر کئی علاقوں کا دورہ کیا ہے تا کہ عکس بندی کے لیے مختلف مقامات کو دریافت کیا جا سکے۔ادھر "العُلا فلم" مینجمنٹ نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے ضلع میں دوسری امریکی فلم کی عکس بندی کے سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں۔ اس فلم میں ہولی وڈ کے چوٹی کے اداکار کام کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں دو سعودی فلموں "بين الرمال" اور "نورہ" کی عکس بندی کے لیے بھی سمجھوتے طے پا گئے ہیں۔العُلا کا تاریخی اور تہذیبی ورثہ انسانی تاریخ میں 2 لاکھ سال پرانا ہے۔ یہ پے در پے تہذیبوں کے 7 ہزار سال پر مشتمل ہے۔ یہ رقبے کے لحاظ سے 22500 کلو میٹر سے زیادہ پر پھیلا ہوا ہے۔ یہاں سحر انگیز وادیاں، ریتیلے پتھر، سیاہ آتش فشاں چٹانیں، سنہری ریت اور چٹانوں پر مشتمل حیرت انگیز وجود واقع ہیں۔ اسی طرح یہاں دیہات، کھیتوں اور قدیم عمارتوں کے ساتھ ہوٹلوں کا انفرا اسٹرکچر بھی ہے جو فلم بنانے والوں کے لیے مختلف نوعیت کے آپشن فراہم کرتا ہے۔ متعلقہ حکام العُلا کو سعودی اور عالمی فلموں کے لیے عکس بندی کا ایک بہترین مقام بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔