کورونا کیسز میں کمی: سیاحتی مقامات کی رونقیں بحال ہونے لگیں

June 13, 2021

کورونا کیسز کم ہوتے ہی سیاحتی مقامات کھلنا شروع ہو گئے، کلرکہار میں واقع میوزیم اور تخت بابری کھلتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد سیاحت کے لیے وہاں پہنچ گئی۔

پنجاب کے پرفضا سیاحتی مقام کلرکہار میں چند ماہ پہلے محکمہ ٹورازم نے ایک عجائب گھر بنایا تھا، جہاں مغل بادشاہوں کے دور کے سکے، برتن، آلات موسیقی، زیورات، فوسلز اور دیگر نوادرات رکھے گئے ہیں۔

کورونا کے باعث عجائب گھر بند تھا، تاہم اب کیسز کم ہوتے ہی اسے عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے، جس کے کھلتے ہی سیاحوں نے یہاں آنا شروع کردیا۔

عجائب گھر میں ہی تخت بابری ہے، یہاں تک پہنچنے کے لیے پتھروں کو کاٹ کر سیڑھیاں بنائی گئی ہیں۔

مغل شہنشاہ ظہیر الدین بابر دہلی پر حملہ کرنے کے لیے اس مقام پر رکے تھے، یہیں انہوں نے باغ صفا بھی بنوایا۔

محکمہ ٹورازم کا کہنا ہے کہ سیاحت کے فروغ کے لیے سہولتوں میں اضافہ اولین ترجیح ہے۔

سیاحتی مقامات کھلنے پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ لوگ جہاں بھی جائیں کورونا ایس او پیز کا مکمل خیال رکھیں۔