بھارتی اداکار روڈ حادثے میں چل بسا، خاندان کا اعضا عطیہ کرنے کا اعلان

June 14, 2021

جنوبی بھارت کی کناڈا فلمی صنعت کے معروف اداکار سنچاری وجے روڈ حادثے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے پیر کو چل بسے، جس کے بعد ان کے خاندان نے اداکار کے اعضا کو عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ سنچاری وجے جمعہ کو ایک روڈ ایکسیڈنٹ میں شدید زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد سے ان کی حالت خراب تھی، تاہم پیر کو بنگلورو کے ایک نجی اسپتال کے ڈاکٹروں نے انھیں دماغی طور پر مردہ قرار دیدیا تھا۔

وہ اس وقت اس حادثے کا شکار ہوئے جب وہ موٹر سائیکل پر اپنے ایک دوست سے ملاقات کے بعد واپس اپنے گھر آرہے تھے۔

آنجہانی اداکار کے بھائی کے مطابق حادثے میں انکی ران اور دماغ پر شدید چوٹیں آئی تھیں جس سے ان کے دماغ کے اسٹم نے کام کرنا بند کردیا تھا۔

انھوں نے مزید کہا کہ سنچاری ہمیشہ معاشرے کی خدمت پر یقین رکھتے تھے اسی وجہ سے ہم نے فیصلہ کیا کہ ان کے اعضا عطیہ کردئیے جائیں تاکہ ان کی خواہش پوری کی جاسکے۔