بھارتی کورونا سے مزید ہزاروں اموات کا خدشہ ہے: برطانوی وزیرِ اعظم

June 15, 2021


برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے باعث ملک بھر میں مزید ہزاروں اموات ہونے کا خدشہ ہے۔

برطانیہ میں کورونا وائرس کے بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کا پھیلاؤ روز بروز بڑھ رہا ہے، جس کی وجہ سے ہفتہ وار کورونا کیسز میں 64 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ آئی سی یو میں بھی مریضوں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق موجودہ صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے برطانوی وزیرِاعظم بورس جانسن نے لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں 19 جولائی تک توسیع کر دی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے بتایا کہ برطانیہ میں لاک ڈاؤن کی پابندیاں 21 جون کو ختم ہونی تھیں۔

دوسری جانب پابندیوں کے خلاف برطانوی عوام نے لندن میں پارلیمنٹ اسکوائر پر احتجاج کیا، سینکڑوں مظاہرین نے ریلی نکالی۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد 1 لاکھ 27 ہزار 907 ہو گئی جبکہ کیسز کی تعداد 45 لاکھ 73 ہزار 419 ہو چکی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 17 کروڑ 70 لاکھ 36 ہزار 377 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اب تک کُل اموات 38 لاکھ 27 ہزار 858 ہوچکی ہیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 19 لاکھ 75 ہزار 374 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 84 ہزار 563 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 16 کروڑ 12 لاکھ 33 ہزار 145 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔